حکومت کا جون 2027 تک پٹرول کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کا ہدف
- وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیرِ صدارت کمیٹی نے پٹرولیم قیمتوں کے تعین کے موجودہ نظام کا جائزہ لیا گیا
پٹرولیم پرائسنگ کمیٹی نے جمعرات کو بتایا کہ حکومت پٹرول کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کیلئے جون 2027 کا ہدف مقرر کررہی ہے۔ یہ اقدام پٹرولیم قیمتوں کے تعین کے نظام میں وسیع تر اصلاحات کا حصہ ہے جن کا مقصد قیمتوں کے تعین کو مارکیٹ کی بنیاد پر کرنے کی جانب پیشرفت کرنا ہے۔
پٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کے اجلاس کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک کی زیرِ صدارت کمیٹی نے پٹرولیم قیمتوں کے تعین کے موجودہ نظام کا جائزہ لیا اور ایندھن کی قیمتوں کو مزید شفاف اور قابلِ پیش گوئی بنانے کے اقدامات پر غور کیا تاکہ صارفین کو قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ سے تحفظ فراہم کیا جاسکے۔
کمیٹی نے پٹرول کی قیمتوں کے تعین کے فارمولے سے متعلق سفارشات کا جائزہ لیا اور پٹرول کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کیلئے ممکنہ طور پر جون 2027 کا ہدف مقرر کیا تاکہ صارفین کو قیمتوں میں غیر ضروری اتار چڑھاؤ سے محفوظ رکھتے ہوئے مسابقتی اور مارکیٹ پر مبنی قیمتوں کے نظام کی جانب مرحلہ وار منتقلی یقینی بنائی جاسکے۔
اجلاس کے دوران کمیٹی نے موجودہ قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کو مزید مؤثر بنانے کیلئے سفارشات پر اتفاق کیا اور فیصلہ کیا کہ اپنی حتمی رپورٹ جلد وزیراعظم کو غور اور منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔
ڈیزل کی قیمتوں کے تعین کے حوالے سے کمیٹی نے ہنگامی صورتحال میں ضابطہ کار کے تحت ممکنہ حکومتی مداخلت کیلئے رہنما اصولوں کی منظوری دی جن میں قیمتوں میں اچانک اضافے کی واضح حد مقرر کرنے کے ساتھ ممکنہ اصلاحی اقدامات بھی شامل ہیں۔
کمیٹی نے موجودہ آئی ایف ای ایم نظام کا بھی جائزہ لیا اور اس کے حساب کتاب کیلئے نظرثانی شدہ طریقہ کار پر اتفاق کیا۔ اوگرا نے یقین دہانی کرائی کہ مالی سال 2025-26 کے آئی ایف ای ایم آڈٹ کا عمل کیلنڈر سال 2026 کے اختتام تک مکمل کرلیا جائے گا۔
کمیٹی نے اوگرا کو موجودہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے انضمام اور کارکردگی سے متعلق تحریری سفارشات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔
کمیٹی نے مختلف ممالک میں کامیاب اور ناکام ماڈلز کی بنیاد پر پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ سے متعلق ذیلی کمیٹیوں کی رپورٹ کا جائزہ لیا اور ذیلی گروپ کو اپنی تجاویز مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
تاہم کمیٹی نے مشاہدہ کیا کہ مارکیٹ کی حتمی ڈی ریگولیشن کے پیش نظر قیمتوں کے استحکام کے فنڈ کے قیام کے بجائے مناسب مقدار میں ایندھن کے ذخائر برقرار رکھنا زیادہ موزوں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق نعیم غوری کی سربراہی میں قائم ذیلی کمیٹی ایف بی آر کے چیئرمین سے ملاقات کرے گی تاکہ بدلتے ہوئے مارکیٹ حالات کے تناظر میں اس بات کا جائزہ لیا جا سکے کہ آیا ٹیکس نظام میں نظرثانی کی ضرورت ہے یا نہیں۔


Comments