برآمدات کے بغیر ایکسپورٹ پروموشن، تجارتی اداروں کے آڈٹ کا وقت آگیا
- ریاست نے برآمدات کے فروغ کے لیے کام کرنے والے اداروں، ملکی سہولت کاری کی ایجنسیوں اور بااثر ریگولیٹری کونسلوں کا ایک وسیع اور انتہائی مراعات یافتہ نظام قائم کر رکھا ہے
پاکستان کی مسلسل معاشی کمزوری کو عموماً عالمی منڈی کی حرکیات کے بحران کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ تاہم، ایک غیر جانب دارانہ جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بنیادی طور پر یہ ادارہ جاتی جواب دہی کا بحران ہے۔
ریاست نے برآمدات کے فروغ کے لیے کام کرنے والے اداروں، ملکی سہولت کاری کی ایجنسیوں اور بااثر ریگولیٹری کونسلوں کا ایک وسیع اور انتہائی مراعات یافتہ نظام قائم کر رکھا ہے۔ تاہم، اربوں روپے کے سرکاری اخراجات، اعلیٰ افسران کی تنخواہوں اور شاہانہ انتظامی مراعات کے باوجود ملک کی برآمدی کارکردگی ان مالی وسائل سے مکمل طور پر لاتعلق ہے جو یہ ادارے اور ان کے ذمہ داران استعمال کر رہے ہیں۔
بنیادی ساختی اعداد و شمار ایک انتہائی ناقص معاشی منظرنامے کو ظاہر کرتے ہیں۔ پاکستان کی سالانہ تجارتی اشیا کی برآمدات تقریباً 30 ارب ڈالر پر جمود کا شکار ہیں، جبکہ سالانہ درآمدات مسلسل 70 ارب ڈالر سے زائد کی بلند سطح پر ہیں۔ اس کے نتیجے میں ہر سال تقریباً 40 ارب ڈالر کا ساختی تجارتی خلا پیدا ہوتا ہے۔ اس بڑے خسارے کو تجارتی مسابقت یا فعال معاشی منصوبہ بندی کے ذریعے حل نہیں کیا جا رہا۔ اس کے بجائے یہ خلا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی سالانہ 41.6 ارب ڈالر کی ترسیلات زر سے پورا کیا جاتا ہے۔
بیرونی شعبے کو متوازن رکھنے کے لیے ترسیلات زر پر انحصار معیشت کو مصنوعی طور پر سہارا دیے رکھتا ہے اور مؤثر طور پر برآمدات کے فروغ کے ذمہ دار اداروں کو ان کی جمود کا خمیازہ بھگتنے سے محفوظ رکھتا ہے۔ جبکہ بیرون ملک پاکستانی محنت کش سخت حالات میں کام کرکے زرمبادلہ ملک بھیجتے ہیں، ایک مراعات یافتہ ملکی تجارتی بیوروکریسی ایسے نظام کے فوائد حاصل کرتی ہے جسے بہتر بنانے میں وہ ناکام رہی ہے۔
پاکستان کا برآمدی شعبہ دو الگ نوعیت کی ادارہ جاتی ناکامیوں کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے۔ ایک طرف براہ راست برآمدی فروغ کے ادارے ہیں، جو ٹھوس تجارتی نتائج کا جائزہ لینے کے بجائے رسمی سرگرمیوں پر بھاری سرکاری فنڈز خرچ کردیتے ہیں۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) اس مالی عدم مطابقت کے مرکز میں ہے۔ پارلیمانی کامرس کمیٹیوں کو دی جانے والی سرکاری بریفنگز سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹڈاپ تقریباً 2.4 ارب روپے کے سالانہ بجٹ پر کام کرتا ہے۔
تشویشناک امر یہ ہے کہ ٹڈاپ کے سالانہ بجٹ کا تقریباً نصف، یعنی 47 فیصد، صرف بیوروکریٹک تنخواہوں، اعلیٰ سطح کی الاؤنسز اور انتظامی مراعات پر خرچ ہوتا ہے۔ اعلیٰ حکام اور تجارتی سفارت کار ٹیکس دہندگان کے پیسوں سے گاڑیوں، رہائش کی سہولتوں اور بیرون ملک اعلیٰ سطح کے الاؤنسز سے لطف اندوز ہوتے ہیں، جبکہ اصل کارکردگی کو تجارتی نتائج کے بجائے معمول کی انتظامی سرگرمیوں سے ناپا جاتا ہے۔
ٹڈاپ کے بزنس پلانز میں عموماً اس بات جیسے پیمانے شامل ہوتے ہیں کہ کتنی بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کی گئی یا کتنے وفود کی میزبانی کی گئی۔ تاہم، اگر کسی نمائش کے نتیجے میں صرف تصاویر اور بروشرز حاصل ہوں اور قابلِ تصدیق، کروڑوں ڈالر کے خریداری آرڈرز حاصل نہ ہوں تو قومی خزانے کے لیے وہ سرگرمی خالص نقصان ہے۔ اس نظام کے تحت حکام کو نمایاں اور محفوظ معاوضے ملتے رہتے ہیں، قطع نظر اس کے کہ ان کے سپرد کردہ مارکیٹوں سے برآمدی آمدنی میں خالص اضافہ ہوا یا نہیں۔
صفر جواب دہی کا یہ رجحان پاکستان کے بیرون ملک تجارتی نیٹ ورک کی کارکردگی میں سب سے زیادہ نمایاں نظر آتا ہے۔ ریاست تقریباً 60 سے 80 کمرشل کونسلرز، ٹریڈ اتاشیوں اور وزارتی عہدیداروں پر مشتمل ایک بڑے انتظامی ڈھانچے کی مالی معاونت کرتی ہے، جو یورپ، شمالی امریکا اور خلیجی خطے کے اہم عالمی دارالحکومتوں میں تعینات ہیں۔
ان عہدوں کو انتہائی مراعات یافتہ اور مطلوبہ انتظامی پوسٹنگز سمجھا جاتا ہے، جن کے ساتھ ڈالر میں تنخواہیں، بچوں کی بین الاقوامی اسکول فیس اور وسیع رہائشی الاؤنسز شامل ہیں، اور یہ سب پاکستانی ٹیکس دہندگان کی رقم سے ادا کیے جاتے ہیں۔ تاہم، اس بڑے زرمبادلہ اخراجات کا تجارتی منافع عملی طور پر نہ ہونے کے برابر ہے۔ جارحانہ اور اہداف پر مبنی کارپوریٹ سیلز نیٹ ورک کے طور پر کام کرنے کے بجائے یہ مشنز زیادہ تر رسمی سفارت کاری اور ردعمل پر مبنی رپورٹنگ تک محدود رہتے ہیں۔
کمرشل کونسلرز سے شاذ و نادر ہی ٹھوس معاشی اہداف پورے کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے، مثلاً میزبان ملک میں مخصوص تعداد میں نئے پاکستانی برآمد کنندگان کو متعارف کرانا، طویل مدتی سپلائی معاہدے حاصل کرنا، یا غیر ٹیرف، سینیٹری اور فائٹو سینیٹری (ایس پی ایس) رکاوٹوں کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کرکے انہیں ختم کروانا۔
جب کسی اہم اور منافع بخش مارکیٹ میں پاکستانی برآمدات کم ہوجاتی ہیں یا جمود کا شکار رہتی ہیں تو تعینات کمرشل کونسلر کو کسی مالی یا پیشہ ورانہ سزا کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ مارکیٹ کے نتائج سے یہ مکمل تحفظ ایک اہم تجارتی محاذ کو ریٹائرمنٹ یا انعامی پوسٹنگ میں تبدیل کردیتا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی صنعتوں کو غیر ملکی خریداروں تک رسائی اور مارکیٹ میں اپنی جگہ بنانے کے لیے تقریباً خود ہی جدوجہد کرنا پڑتی ہے۔
وسائل کے غلط ساختی استعمال کا دائرہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ (ای ڈی ایف) تک بھی نمایاں طور پر پھیلا ہوا ہے۔ یہ فنڈ بنیادی طور پر ایک اسٹریٹجک ریزرو کے طور پر ڈیزائن کیا گیا تھا، جس کا مقصد نجی شعبے کے ایکسپورٹرز کو براہِ راست بااختیار بنانا اور اہم صنعتی کامن فسیلٹی سینٹرز کے لیے مالی اعانت فراہم کرنا تھا۔ تاہم، اطلاعات کے مطابق فنڈ نے اپنے پورٹ فولیو میں 32 ارب روپے سے زائد کی منظوری دی ہے۔
سخت ریٹرن آن انویسٹمنٹ (آر او آئی) میٹرکس کے ساتھ ایک مسابقتی وینچر فنڈ کے طور پر کام کرنے کے بجائے، ای ڈی ایف کو تاریخی طور پر پبلک سیکٹر کے اوورہیڈ اور نرم، غیر پابند اقدامات کے لیے ایک متوازی فنڈنگ اسٹریم کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ لاکھوں روپے سرکاری وفود، غیر ملکی مشاورت اور بیوروکریٹک سفری اخراجات کو سبسڈی دینے پر خرچ کیے جاتے ہیں۔
یہ عدم مطابقت اس قدر بڑھ گئی کہ اب وفاقی حکومت کو ای ڈی ایف کی گورننس میں اصلاحات کے لیے مداخلت کرنا پڑ رہی ہے تاکہ مشکلات کا شکار نجی شعبے کے کاروباروں کو براہِ راست ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ پالیسی میں یہ تبدیلی واضح طور پر اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ایکسپورٹ مشینری ان ہی اداروں کے لیے انتظامی بوجھ بن چکی ہے جنہیں سہولت فراہم کرنا اس کا بنیادی مقصد تھا۔
ادارہ جاتی ناکامی کے دوسرے پہلو میں پبلک سیکٹر کے ریگولیٹری گیٹ کیپرز کی ایک پیچیدہ بھول بھلیاں موجود ہے۔ ڈپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن، اینیمل کوارنٹائن ڈپارٹمنٹ، جو اب دونوں نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی میں ضم ہوچکے ہیں اور جو اب تیسری مرتبہ ڈائریکٹر جنرل کی بھرتی کے لیے اشتہار دے چکی ہے، میرین فشریز ڈپارٹمنٹ اور پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی جیسے ادارے ایکسپورٹ فسیلیٹیشن کو ایک تیز رفتار اور وقت کے لحاظ سے اہم قومی ترجیح کے بجائے ایک سست، بیوروکریٹک کمپلائنس مشق سمجھتے ہیں۔
ان اداروں کا بنیادی قانونی کردار انسپیکشن، ٹیسٹنگ اور سیفٹی یا فائٹو سینیٹری سرٹیفکیٹس کا اجرا ہے۔ اگرچہ وہ اپنے بڑے انتظامی ڈھانچوں کا جواز یہ کہہ کر پیش کرتے ہیں کہ وہ تجارت کو فعال کرتے ہیں، حقیقت میں وہ سست رفتار اور کاغذی کارروائی سے بھرپور انفورسمنٹ باڈیز کے طور پر کام کرتے ہیں۔
پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کا ڈیجیٹل انٹیگریشن بھی، جس کا مقصد دیگر 70 سرکاری اداروں کے درمیان کاغذی رکاوٹیں کم کرکے سرحد پار تجارت کو سہولت دینا ہے، محض ایک اور تکنیکی اوورہیڈ بن جاتا ہے اگر بنیادی ریگولیٹری گیٹ کیپرز اپنی انتظامی سوچ تبدیل نہ کریں۔ تجارت کو جارحانہ انداز میں فروغ دینے کے لیے متحد محاذ کے طور پر کام کرنے کے بجائے یہ ادارے ایک ایسی انتظامی بھول بھلیاں پیدا کرتے ہیں جس میں فعال ایکسپورٹرز کو زندہ رہنے کے لیے اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔
اعلیٰ ترین انتظامی سطح پر اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کو ایک طاقتور سنگل ونڈو کے طور پر قائم کیا گیا تھا تاکہ اسی نوعیت کی سرخ فیتے والی رکاوٹوں کو ختم کیا جاسکے اور منرلز، حلال گوشت، کارپوریٹ ایگریکلچر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی جیسے ویلیو ایڈڈ شعبوں کو متحرک کیا جاسکے۔
اعلیٰ ترین انتظامی اختیارات کی حمایت کے ساتھ یہ کونسل ریاستی اختیار کے ایک نمایاں ارتکاز کی نمائندگی کرتی ہے۔ اب تک اعلیٰ سطح کے اقتصادی بورڈز نے بارہا پُرعزم طویل مدتی اہداف کو سراہا ہے، مثلاً اگلے چند برسوں کے دوران ملکی ایکسپورٹس کو 30 ارب ڈالر سے بڑھا کر 60 یا 100 ارب ڈالر تک لے جانے کا ریاستی وژن۔
لیکن پروجیکشنز ایکسپورٹ رسیٹس نہیں ہوتیں۔ اگر اعلیٰ سطح کی مداخلتیں براہِ راست فوری اور قابلِ تصدیق زرمبادلہ آمدنی میں تبدیل نہ ہوں تو یہ ایک اور متوازی انتظامی پرت بننے کا خطرہ رکھتی ہیں۔ یہ محض ایڈہاک فسیلیٹیشن معاہدوں کے ذریعے بنیادی معاشی عدم توازن، مثلاً غیر مسابقتی انرجی پرائسنگ اور غیر مستحکم ٹیکس نظام کو چھپا نہیں سکتی۔
پاکستان اس امر کا متحمل نہیں ہوسکتا کہ مارکیٹ کی حقیقتوں سے آزاد ایک انتہائی مراعات یافتہ اور خود کو برقرار رکھنے والا بیوروکریٹک ڈھانچہ قائم رکھے۔ مہنگی ایکسپورٹ پروموشن سے قابلِ تصدیق ایکسپورٹ پرفارمنس کی جانب منتقلی کے لیے وفاقی حکومت کو آؤٹ کم بیسڈ پرفارمنس فریم ورک نافذ کرنا ہوگا، جس کے تحت ٹڈاپ کے حکام اور بیرون ملک کمرشل کونسلرز کی مدتِ تعیناتی اور مالی مراعات کو واضح طور پر ٹھوس اہداف سے منسلک کیا جائے۔
ان میٹرکس میں کسی مخصوص مارکیٹ میں نئے پاکستانی ایکسپورٹرز متعارف کرانے کی تعداد، نئے بین الاقوامی خریدار حاصل کرنا، معاہدوں کی مالیت کو حتمی شکل دینا اور مخصوص نان ٹیرف یا مارکیٹ ایکسیس رکاوٹوں کو حل کرنا شامل ہونا چاہیے۔
اسی دوران وزارت تجارت کو ای ڈی ایف، ٹریڈ مشنز اور بین الاقوامی نمائشوں کے ذریعے ایکسپورٹ پروموشن پر خرچ ہونے والے ہر روپے کے لیے لازمی اور عوامی طور پر قابلِ رسائی ریٹرن آن انویسٹمنٹ ٹیسٹ نافذ کرنا چاہیے۔
اس جائزے کے ساتھ تمام ٹریڈ فسیلیٹیشن اور ریگولیٹری اداروں کا جامع زیرو بیسڈ انسٹی ٹیوشنل آڈٹ بھی ہونا چاہیے۔ وہ ادارے جو قابلِ پیمائش معاشی افادیت ثابت کریں، انہیں مضبوط کیا جانا چاہیے؛ جن اداروں کے دائرۂ کار ایک دوسرے سے متصادم یا اوورلیپنگ ہوں، انہیں فوری طور پر یکجا کیا جانا چاہیے؛ اور وہ پیراسائٹک ڈھانچے جو اپنی آپریشنل لاگت کو متناسب ایکسپورٹ توسیع کے ذریعے جائز ثابت کرنے میں ناکام رہیں، انہیں منظم طریقے سے ختم کردیا جانا چاہیے۔
پاکستان اب ایک ایسے مہنگے ٹریڈ بیوروکریسی نظام کو مالی اعانت فراہم کرنے کا متحمل نہیں ہوسکتا جو مارکیٹ کی حقیقتوں سے آزاد ہو۔ ٹیکس دہندگان کی رقم سے چلنے والے افراد اور اداروں کو کارکردگی اور بقا کے انہی معیارات کے تابع ہونا چاہیے جو ان نجی کمرشل اداروں پر لاگو ہوتے ہیں جن کی خدمت ان کی ذمہ داری ہے۔


Comments