پی ٹی اے اور گوگل کا پاکستان میں بچوں کے آن لائن تحفظ کے فروغ کے لیے معاہدہ
- مفاہمتی یادداشت کا مقصد آگاہی، ڈیجیٹل تحفظ اور آن لائن پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دینا ہے
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور گوگل ایل ایل سی نے بچوں کے آن لائن تحفظ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کردیے۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مفاہمتی یادداشت کا مقصد پاکستان بھر میں بچوں، والدین، اساتذہ اور نگہداشت کرنے والوں میں آن لائن پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال، ڈیجیٹل تحفظ اور آگاہی کو فروغ دینا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مفاہمتی یادداشت کے تحت پی ٹی اے اور گوگل چائلڈ سیفٹی پروگرام کے لیے باہمی تعاون کریں گے، جس کا محور آگاہی، تعلیم اور استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔ اس پروگرام کے ذریعے والدین اور اساتذہ کو عملی وسائل اور رہنمائی فراہم کی جائے گی، تاکہ وہ بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ انداز میں سرگرم رہنے میں مدد دے سکیں۔
اہم اقدامات میں انگریزی اور مقامی زبانوں میں آگاہی پر مبنی مواد تیار کرنا، تعلیمی اداروں میں تربیتی پروگرام منعقد کرنا اور ملک گیر آگاہی مہم کی معاونت شامل ہے۔ اس مہم کے ذریعے لاکھوں خاندانوں کو مقامی ضروریات کے مطابق آن لائن تحفظ سے متعلق وسائل اور رہنما مواد تک رسائی فراہم کی جائے گی۔
بچے اکثر جنسی اور پرتشدد مواد، اپنی عمر کے لیے نامناسب مواد اور دیگر نقصان دہ آن لائن سرگرمیوں کا سامنا کرتے ہیں۔ انہیں بطور کانٹینٹ کری ایٹر بھی استحصال کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے یا بالغ افراد کی جانب سے نامناسب رابطے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پی ٹی اے نے نیشنل کمیشن آن دی رائٹس آف چائلڈ (این سی آر سی)، یونیسیف اور ٹیلی نار پاکستان کے تعاون سے فروری 2024 میں والدین کے لیے رہنما کتابچہ ڈیجیٹل دور میں اپنے بچے کا تحفظ بھی جاری کیا تھا، جس میں نگہداشت کرنے والوں کے لیے رہنمائی اور بچوں کے آن لائن تحفظ سے متعلق پالیسی بریف شامل تھا۔


Comments