بلوچستان میں آپریشن کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک
- کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات برآمد کرکے تلف کردیے گئے، آئی ایس پی آر
سکیورٹی فورسز نے 10 اگست کو بلوچستان کے ضلع پنجگور میں خفیہ اطلاعات پر کیے گئے آپریشن کے دوران فتنۃ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ آپریشن غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف جاری انسدادِ دہشت گردی مہم کے تحت کیا گیا۔
آپریشن کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات (آئی ای ڈیز) برآمد کرکے تلف کردیے گئے، جبکہ علاقے میں موجود مزید خطرات کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کی وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ ’’عزمِ استحکام‘‘ حکمت عملی کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم جاری رکھیں گے۔


Comments