بنگلہ دیشی وزیراعظم کا بھارت سے تعلقات کی بحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے پر زور
- طارق رحمان بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے خواہاں
بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان نے پیر کو بھارت کے سفیر سے ملاقات میں کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات بہتر بنانے کے لیے ’’سازگار ماحول‘‘ پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈھاکہ بھارت میں مقیم معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کے معاملے پر نئی دہلی پر مسلسل دباؤ بھی ڈال رہا ہے۔
طارق رحمان کے بیان سے ان کی چھ ماہ پرانی حکومت کی جانب سے خطے کے سب سے بڑے ہمسایہ ملک بھارت کے ساتھ تعلقات مستحکم کرنے کی کوششیں نمایاں ہوتی ہیں، جبکہ وہ ان معاملات پر بھی پیش رفت کے خواہاں ہیں جو اگست 2024 میں شیخ حسینہ کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا اہم سبب بنے ہوئے ہیں۔
اقتدار سنبھالنے کے بعد سے طارق رحمان بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں رہے ہیں، تاہم پیر کا بیان پہلا موقع ہے جب انہوں نے تعلقات بہتر بنانے کے لیے حالات سازگار بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
طارق رحمان نے یہ بات بنگلہ دیش میں بھارت کے نئے ہائی کمشنر دنیش ترویدی سے اپنی پہلی ملاقات کے دوران کہی۔
وزیراعظم آفس نے ملاقات کے بعد جاری بیان میں کہا کہ طارق رحمان نے ’’دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔‘‘
بیان کے مطابق بنگلہ دیش نے بھارت پر شیخ حسینہ کی حوالگی کا عمل بھی تیز کرنے پر زور دیا۔
شیخ حسینہ، جو اپنی حکومت کے خاتمے کے بعد سے بھارت میں مقیم ہیں، بنگلہ دیش میں قانونی کارروائی کا سامنا کر رہی ہیں اور نومبر میں انہیں سزائے موت سنائی گئی تھی۔
ڈھاکہ کی جانب سے یہ مطالبہ شیخ حسینہ کے ملک سے فرار ہونے کے بعد پہلی مرتبہ میڈیا سے گفتگو کے چند روز بعد سامنے آیا۔ آن لائن آڈیو کانفرنس میں انہوں نے ایک مرتبہ پھر کہا کہ وہ دسمبر میں بنگلہ دیش واپس آئیں گی، جس کے بعد بھارت میں ان کی مسلسل موجودگی اور سیاسی سرگرمیاں ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئیں۔
بنگلہ دیش کی وزارتِ خارجہ نے اس تقریب پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حسینہ کو یہ تقریب منعقد کرنے کا موقع فراہم کرنا انتہائی تکلیف دہ تھا اور بنگلہ دیش اس پر سخت برہمی کا اظہار کرتا ہے۔
بھارت کا کہنا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کی جانب سے شیخ حسینہ کی حوالگی کی درخواست کا جائزہ اپنے قانونی اور عدالتی طریقہ کار کے مطابق لے رہا ہے۔
بھارتی ہائی کمیشن نے ’ایکس‘ پر جاری ایک بیان میں کہا کہ دنیش ترویدی نے بنگلہ دیش کے ساتھ ’’مثبت، تعمیری اور مستقبل پر مرکوز‘‘ انداز میں کام کرنے کے بھارت کے عزم کا اعادہ کیا۔


Comments