وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اتوار کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا اچانک دورہ کیا اور امیگریشن کے عمل اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے مسافروں کو درپیش طریقہ کار اور مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مسافروں سے بھی امیگریشن کلیئرنس میں لگنے والے وقت کے بارے میں بات چیت کی۔
مسافروں نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ امیگریشن کے عمل میں تقریباً 30 منٹ لگ رہے ہیں اور انتظامات میں مزید بہتری کا مطالبہ کیا۔ مسافروں کی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے محسن نقوی نے حکام کو امیگریشن کا عمل تیز کرنے اور غیر ضروری تاخیر سے بچنے کے لیے تمام امیگریشن کاؤنٹرز فعال رکھنے کی ہدایت کی۔
ایک مسافر نے ایک ایجنٹ کی جانب سے مبینہ طور پر رقم طلب کیے جانے کی شکایت بھی کی۔ وزیر داخلہ نے شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کو بھجوا دیا اور ایجنٹ کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔
محسن نقوی نے کہا کہ سفری دستاویزات نامکمل ہونے والے مسافروں کو سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاہم مکمل دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو سفر سے نہیں روکا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی نے امیگریشن کے عمل کو آسان بنا دیا ہے، جبکہ جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔


Comments