رائس ایکسپورٹرز کا اعلیٰ سطح وفد برطانیہ روانہ، اہم مارکیٹ میں موجودگی بڑھانے پر زور
- دورے میں بڑے ریٹیل چینز، سپر مارکیٹ گروپس، درآمد کنندگان اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بزنس ٹو بزنس میٹنگز، نیٹ ورکنگ سیشنز اور پریزنٹیشنز شامل
رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کا ایک اعلیٰ سطح وفد ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) کے زیرِ اہتمام برطانیہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہوگیا ہے۔
دورے کا مقصد پاکستان کی اہم ترین برآمدی منڈیوں میں سے ایک میں ملکی موجودگی کو مضبوط بنانا اور اعلیٰ معیار کے پاکستانی چاول، بالخصوص بین الاقوامی سطح پر معروف باسمتی چاول کے فروغ کو مزید تقویت دینا ہے۔
پاکستان نے اعلیٰ معیار کے چاول پیدا کرنے اور برآمد کرنے والے دنیا کے نمایاں ممالک میں اپنا مضبوط مقام بنا لیا ہے۔ اپنی خوشبو، غیر معمولی لمبے دانوں، بہترین ذائقے اور مستقل معیار کے باعث پاکستانی باسمتی چاول کو عالمی منڈیوں میں اچھی شہرت حاصل ہے اور اس کی طلب میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ برطانیہ پاکستان کی اہم برآمدی منڈیوں میں شامل ہے جہاں مارکیٹ کو وسعت دینے، پاکستانی برانڈز کو فروغ دینے اور ویلیو ایڈیشن کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
دورے کا اہتمام ٹڈاپ نے ترجیحی بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کی برآمدی مسابقت کو بڑھانے کے لیے اپنی اسٹریٹجک کوششوں کے ایک حصے کے طور پر کیا ہے جس کا مقصد سرکردہ پاکستانی چاول برآمد کنندگان اور برطانیہ کے نمایاں درآمد کنندگان، تقسیم کاروں، ہول سیلرز، ریٹیلرز اور فوڈ سروس کمپنیوں کے درمیان براہ راست روابط کو فروغ دینا ہے۔
وفد کے پروگرام میں لندن، مانچسٹر اور برمنگھم میں کاروباری مصروفیات کا ایک سلسلہ شامل ہے جس میں بڑے ریٹیل چینز، سپر مارکیٹ گروپس، درآمد کنندگان اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بزنس ٹو بزنس میٹنگز، نیٹ ورکنگ سیشنز اور پریزنٹیشنز شامل ہیں۔


Comments