کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کیلئے ٹرانس شپمنٹ مراعاتی پیکیج کا اعلان
- 5 سے 10 فیصد ٹرانس شپمنٹ کارگو لے جانے والے جہازوں کو 20 فیصد رعایت دی جائے گی، وفاقی وزیر بحری امور
وفاقی وزیر بحری امور جنید انور چوہدری نے بدھ کو کارگو ہینڈلنگ کے اخراجات کم کرنے اور علاقائی شپنگ ٹریفک کو راغب کرنے کیلئے کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم پر بڑی رعایتیں فراہم کرنے والے یکساں ٹرانس شپمنٹ مراعاتی پیکیج کا اعلان کیا۔
ایک بیان کے مطابق کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی)، پورٹ قاسم اتھارٹی (پی کیو اے) اور ان کے کنٹینر ٹرمینل آپریٹرز کی جانب سے مشترکہ طور پر متعارف کرائے گئے اس پیکیج میں کنٹینرائزڈ، بلک اور بریک بلک ٹرانس شپمنٹ کارگو کے لیے ویٹ چارجز، وارفج، اسٹوریج فیس اور ٹرمینل ہینڈلنگ چارجز میں کمی شامل ہے۔
مراعاتی پیکیج کے تحت ٹرانس شپمنٹ کارگو (کنٹینرائزڈ اور بلک/بریک بلک کارگو) لے جانے والے جہازوں کیلئے پورٹ ویٹ چارجز میں سلیب کی بنیاد پر رعایت متعارف کرائی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ 5 سے 10 فیصد ٹرانس شپمنٹ کارگو لے جانے والے جہازوں کو 20 فیصد رعایت دی جائے گی جو 11 سے 25 فیصد کارگو کے لیے 30 فیصد، 26 سے 50 فیصد کے لیے 50 فیصد جبکہ 50 سے 90 فیصد ٹرانس شپمنٹ کارگو لے جانے والے جہازوں کے لیے 70 فیصد تک بڑھ جائے گی، تاہم کنٹینر بردار جہازوں کے لیے کم از کم 2,000 ٹی ای یوز کی شرط ہوگی، اسی طرح 90 سے 100 فیصد ٹرانس شپمنٹ کارگو لے جانے والے جہازوں کو 80 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ کنٹینر بردار جہازوں کے لیے کم از کم 3,500 ٹی ای یوز کی شرط مقرر کی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی جانب سے وارفج چارجز میں 20 سے 80 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔ 70 فیصد رعایت کے لیے کنٹینر بردار جہازوں کے لیے کم از کم 2,000 ٹی ای یوز جب کہ 80 فیصد رعایت کے لیے کم از کم 3,500 ٹی ای یوز کی شرط ہوگی، اس کے علاوہ ٹرمینلز پر 14 روز کی مفت اسٹوریج اور کے پی ٹی کے ٹی پی ایکس کارگو ایریا میں ایجنٹ کی ذمہ داری کے تحت 30 روز کی مفت اسٹوریج کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی 100 فیصد وارفج چارجز معاف کرے گی جبکہ ٹرمینلز پر 7 روز کی مفت اسٹوریج کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی جسے ایجنٹ کی ذمہ داری کے تحت کارگو کی نقل و حرکت کی صورت میں پی کیو اے میں 21 روز تک بڑھایا جا سکے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ پورٹ پر دی جانے والی مراعات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے پاکستان کے چار بڑے کنٹینر ٹرمینلز نے بھی ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز کے ٹرمینل ہینڈلنگ چارجز میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے۔
کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل، ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینلز، کراچی پورٹ ٹرسٹ کے کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ جبکہ پورٹ قاسم اتھارٹی کے قاسم انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل کی جانب سے ٹرمینل ہینڈلنگ چارجز میں ٹرانس شپمنٹ کارگو کے مینی فیسٹ کے 5 سے 10 فیصد حصے پر 10 فیصد، 11 سے 25 فیصد حصے پر 20 فیصد جبکہ 25 فیصد سے زائد ٹرانس شپمنٹ کارگو پر 25 فیصد تک رعایت دی جائے گی۔
یہ مراعات 20 فٹ اور 40 فٹ دونوں سائز کے کنٹینرز پر لاگو ہوں گی اور شپنگ لائنز کے لیے مجموعی ہینڈلنگ لاگت میں نمایاں کمی لائیں گی۔
وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ نیا فریم ورک ٹرانس شپمنٹ سے متعلق تمام سابقہ مراعاتی نوٹیفکیشنز اور ایس آر اوز کی جگہ ایک واحد، شفاف اور کارکردگی کی بنیاد پر مرتب کردہ نظام متعارف کراتا ہے، جس کا اطلاق کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم دونوں پر ہوگا۔‘‘


Comments