پشاور : اسکول کی عمارت میں قائم غیر قانونی سگریٹ فیکٹری پکڑی گئی
- ریجنل ٹیکس آفس کی صوابی میں کارروائی، عمارت سربمہر، کروڑوں روپے مالیت کی مشینیں بھی ضبط
ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) پشاور نے ضلع صوابی میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اسکول کی عمارت میں قائم غیر قانونی سگریٹ بنانے کا یونٹ پکڑ لیا۔
28 جولائی 2026 کو ایف بی آر کے موبائل اسکواد نے منصب دار، تحصیل رزڑ میں واقع یونیورسل نامی اسکول پر چھاپہ مارا، جہاں فیڈرل ایکسائز قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر اعلانیہ (گھوسٹ) فیکٹری چلائی جا رہی تھی۔
چھاپے کے دوران عمارت کے مالک اور اسکول ڈائریکٹر آفاق امین موجود تھے۔ ٹیم نے فیکٹری کو سیل کرتے ہوئے 7 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی مشینری ضبط کر لی، جس میں سگریٹ بنانے اور پیکنگ کی جدید مشینیں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں 1,000 کلوگرام تمباکو، جعلی ٹیکس اسٹیمپ اور معروف برانڈز کی جعلی پیکنگ کا سامان بھی برآمد کیا گیا۔
حکام کے مطابق یہ قدم ٹیکس چوری اور جعلی ادویات و مصنوعات کی فروخت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کا حصہ ہے، تاکہ قومی خزانے کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
کاپی رائٹ : بزنس ریکارڈر 2026


Comments