سعودی عرب کا عراق سے داغے گئے ڈرونز تباہ کرنے کا دعویٰ
- وزارت نے عراقی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو اس نوعیت کی کارروائیوں کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے
سعودی وزارتِ دفاع نے پیر کے روز کہا ہے کہ مملکت کے فضائی دفاعی نظام نے عراق سے داغے گئے ایسے ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کر دیا جو مشرقی صوبے میں واقع تیل کی تنصیبات اور ریاض کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔
وزارت کے مطابق یہ ڈرونز عراق میں موجود مسلح گروہوں کی جانب سے لانچ کیے گئے تھے۔
دوسری جانب سعودی وزارتِ خارجہ نے مملکت پر ہونے والے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ سعودی عرب کو ”جارحیت“ کے ذرائع کے خلاف مناسب جواب دینے اور اس کے ذمہ دار عناصر کو باز رکھنے کا مکمل حق حاصل ہے۔
وزارت نے عراقی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو سعودی عرب کے خلاف حملوں کے لیے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال ہونے سے روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔


Comments