لاہور چیمبر اور وفاقی ٹیکس محتسب کا باہمی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق
وفاقی ٹیکس محتسب (پنجاب)کے ڈائریکٹر جنرل ریاض حمید چوہدری نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل سے ملاقات کی اور کاروباری برادری کو ٹیکس اور دیگر سرکاری محکموں سے متعلق مسائل کے حل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی.
اس موقع پر وفاقی ٹیکس محتسب کے ڈائریکٹر طاہر ضمیر بھی موجود تھے۔ملاقات میں ٹیکس دہندگان کی سہولت، شکایات کے ازالے کے نظام اور دونوں اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے امور پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں اتفاق ہوا کہ لاہور چیمبر کے دفتر میں وفاقی ٹیکس محتسب کا ایک سہولت دفتر قائم کیا جائے گا۔ یہ دفتر ٹیکس دہندگان کو رہنمائی فراہم کرے گا، شکایات درج کرانے میں مدد دے گا اور متعلقہ اداروں سے رابطے کے ذریعے مسائل کے جلد حل کو یقینی بنائے گا۔
صدرلاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے وفاقی ٹیکس محتسب کے کردار کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کو اکثر انتظامی اور طریقہ کار سے متعلق مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جن کے بروقت حل کی ضرورت ہوتی ہے۔ا
نہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ اور تجارت، صنعت اور سرمایہ کاری سے متعلق مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں اداروں کے درمیان مضبوط تعاون سے شکایات کے حل اور خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔
ڈائریکٹر جنرل ریاض حمید چوہدری نے کہا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا ادارہ ٹیکس دہندگان کو انتظامی کوتاہیوں اور غیر ضروری تاخیر کے باعث پیش آنے والی مشکلات سے فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ادارہ شکایات کے حل اور ٹیکس دہندگان کے ساتھ منصفانہ سلوک یقینی بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے، کاروباری برادری ملکی معیشت، سرمایہ کاری اور روزگار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہے، اس لیے تاجروں اور صنعتکاروں کے جائز مسائل کو شفاف اور مؤثر طریقے سے حل کرنا ضروری ہے۔
ریاض حمید چوہدری نے بتایا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے پاس شکایات کے اندراج اور فوری ازالے کا مثر نظام موجود ہے۔ٹیکس دہندگان اپنی شکایات آن لائن سمیت مختلف ذرائع سے جمع کرا سکتے ہیں جبکہ علاقائی دفاتر بھی عوام کو سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026


Comments