پی ٹی اے اور میٹا کا نوجوانوں کے آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل آگاہی کے فروغ کے لیے معاہدہ
- شراکت داری کے تحت آن لائن مواد کی نگرانی، ضابطہ جاتی تقاضوں پر عمل درآمد اور پاکستان میں ڈیجیٹل تحفظ کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور میٹا نے پاکستان میں نوجوانوں کے آن لائن تحفظ، ڈیجیٹل آگاہی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کا لیٹر آف انٹینٹ (ایل او آئی) پر دستخط کیے ہیں۔ یہ بات پی ٹی اے نے منگل کو جاری بیان میں بتائی ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق یہ شراکت داری پاکستان میں آن لائن مواد کے تحفظ سے متعلق طریقۂ کار پر کھلے اور تعمیری مکالمے کو بھی فروغ دے گی تاکہ اس حوالے سے مشترکہ فہم پیدا کیا جا سکے۔
بیان میں پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن کے حوالے سے کہا گیا کہ ”پی ٹی اے کا مقصد ڈیجیٹل آگاہی کو فروغ دینا، ذمہ دارانہ آن لائن رویوں کی حوصلہ افزائی کرنا اور بالخصوص بچوں اور نوجوان صارفین کے لیے زیادہ محفوظ اور مؤثر ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنا ہے۔“
اس شراکت داری کے تحت پی ٹی اے اور میٹا استعداد کار میں اضافے، پالیسی سے متعلق مکالمے، آگاہی مہمات اور نوجوانوں کے آن لائن تحفظ اور ڈیجیٹل فلاح و بہبود سے متعلق عالمی بہترین تجربات کے تبادلے پر مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
پی ٹی اے کے مطابق اس تعاون سے آن لائن مواد کی نگرانی، ضابطہ جاتی تقاضوں پر عمل درآمد اور پاکستان بھر میں ڈیجیٹل تحفظ کو مضبوط بنانے سے متعلق اقدامات کو بھی فروغ ملے گا۔


Comments