اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی : محمد نواز پر آئی سی سی کی جانب سے 3 ماہ کی پابندی عائد
- ری ہبلیٹیشن پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے پر پابندی کم کرکے ایک ماہ کی جا سکتی ہے، آئی سی سی
پاکستانی آل راؤنڈر محمد نواز پر آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے دوران اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے تین ماہ کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق فروری میں نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کے ورلڈ کپ میچ کے بعد محمد نواز کا کاربوکسی ٹی ایچ سی کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ یہ مادہ آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے تحت ممنوعہ اشیاء کی فہرست میں شامل ہے۔
کھیل کی گورننگ باڈی کے مطابق محمد نواز نے خلاف ورزی کا اعتراف کیا اور یہ ثابت کیا کہ یہ مادہ کھیل کے مقابلے سے ہٹ کر (ذاتی زندگی میں) استعمال کیا گیا تھا اور اس کا کھیل کی کارکردگی کو بڑھانے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔نتیجتاً آئی سی سی نے تین ماہ کی نااہلی کی سزا سنائی، جس کا اطلاق ماضی کی تاریخ یعنی یکم مئی 2026 سے ہوگا، جب کھلاڑی نے رضاکارانہ طور پر عارضی پابندی قبول کی تھی۔آئی سی سی نے مزید کہا کہ مادہ کے استعمال کے علاج (ریہبلیٹیشن) کا پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے پر اس سزا کو کم کرکے ایک ماہ کیا جا سکتا ہے۔ عارضی پابندی کے تحت تقریباً ڈھائی ماہ گزارنے اور بحالی کے پروگرام سے گزرنے پر رضامندی کے بعد محمد نواز پر عائد عارضی پابندی اب اٹھا لی گئی ہے۔
آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے مطابق 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کے میچ سے لے کر یکم مئی تک محمد نواز کے تمام انفرادی نتائج (ریکارڈ) منسوخ کر دیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ محمد نواز نے 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کے تمام سات میچوں میں حصہ لیا تھا، جس میں انہوں نے 15 رنز بنائے اور سات وکٹیں حاصل کیں، جہاں پاکستانی ٹیمپر سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ کر ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی تھی۔


Comments