ایران کی مذاکرات جاری رکھنے کی درخواست پر امریکا نے رضامندی ظاہر کردی، ٹرمپ کا دعویٰ
- ایران پر امریکی حملوں کے بعد ایرانی مسلح افواج نے جمعرات کو خلیجی ممالک میں واقع امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ ایران کی جانب سے مذاکرات جاری رکھنے کی درخواست کے بعد امریکا نے بات چیت پر آمادگی ظاہر کر دی ہے، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جون میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی جنگ بندی اب ختم ہو چکی ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا، ”اسلامی جمہوریہ ایران نے ہم سے مذاکرات جاری رکھنے کی درخواست کی ہے۔ ہم نے اس پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، لیکن امریکا نے انہیں دوٹوک انداز میں واضح کر دیا ہے کہ جنگ بندی ختم ہو چکی ہے۔“
ادھر امریکا اور ایران کے درمیان اس ہفتے حملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ امریکا کی جانب سے ایران کے جنوبی ساحلی اور مشرقی صوبوں پر حملوں کے بعد، ایرانی مسلح افواج نے جمعرات کو خلیجی ممالک میں واقع امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
دونوں ممالک نے گزشتہ ماہ چار ماہ سے جاری تنازع ختم کرنے کے لیے ایک عبوری معاہدہ کیا تھا، تاہم اس جنگ کے باعث دنیا بھر میں توانائی کی سپلائی بری طرح متاثر ہوئی۔
جنگ ختم کرانے میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ناکامی نے صدر کو مشکل صورتِ حال سے دوچار کر دیا ہے، جبکہ رواں سال کے آخر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے قبل پٹرول کی بلند قیمتیں اور عوامی بے چینی ان کی ریپبلکن پارٹی کے لیے بھی بڑا چیلنج بن گئی ہیں۔


Comments