ایس ای سی پی کی کاروباری اداروں کو کارپوریٹ سیکٹر میں آنے اور سرمایہ کاری کلچر کو فروغ دینے کی ہدایت
- تاجر اور نوجوان سوچ سمجھ کر اور معلومات پر مبنی فیصلوں کے ذریعے اسٹاک مارکیٹ میں حصہ لیں، کمشنر ایس ای سی پی مظفر احمد مرزا
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ملک کی کاروباری اور صنعتی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کارپوریٹ شکل اختیار کر کے اپنے اداروں کو منظم (فارملائز) کریں، کیونکہ اس اقدام سے گورننس میں بہتری آئے گی، شفافیت بڑھے گی اور فنانسنگ و ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے ایس ای سی پی کے کمشنر مظفر احمد مرزا نے کہا کہ ریگولیٹر کاروباری رجسٹریشن اور کارپوریٹ قوانین کی تعمیل کو آسان بنانے کے لیے ریگولیٹری طریقہ کار کو سادہ، تعمیلی شرائط کو کم اور ڈیجیٹل خدمات کو وسیع کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ شکل اختیار کرنے سے فیملی بزنسز سمیت دیگر کاروباری اداروں کی ساکھ مضبوط، گورننس کا ڈھانچہ بہتر اور سرمایہ کاری و رسمی فنانسنگ کے ذرائع تک رسائی آسان ہو جائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ای سی پی کے کمشنر محمد علی فرید خواجہ نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور کاروباری برادری اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ سوچ سمجھ کر اور معلومات پر مبنی فیصلوں کے ذریعے کیپٹل مارکیٹ (اسٹاک مارکیٹ) میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سرمایہ کاروں کی زیادہ شرکت سے ملک کی مالیاتی مارکیٹوں کو استحکام ملے گا، دولت کی تخلیق (ویلتھ کریشن) میں مدد ملے گی اور وسیع تر اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالا جا سکے گا۔
کمشنرز نے ایک شفاف اور ڈیجیٹل طور پر فعال کارپوریٹ سیکٹر بنانے کے لیے ایس ای سی پی کے عزم کا اعادہ کیا اور ساتھ ہی پاکستان کی معاشی ترقی میں کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کی وسیع پیمانے پر شرکت کی حوصلہ افزائی کی۔


Comments