چینی سرمایہ کاروں کا پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس میں سرمایہ کاری بڑھانے کا فیصلہ
- ایس ای سی پی نے ریگولیٹری منظوری دے دی
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کے چینی اسٹریٹجک شیئر ہولڈرز نے پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس میں اپنی طویل مدتی سرمایہ کاری کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس ضمن میں پیر کو جاری ہونے والے ایک سرکاری بیان کے مطابق کنسورشیم سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (سی ڈی سی) اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان لمیٹڈ (این سی سی پی ایل) میں اپنے حصص بڑھانے کے لیے اضافی سرمایہ کاری کرے گا۔
یہ بات چینی کنسورشیم کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) کے چیئرمین ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔ وفد میں چائنا فنانشل فیوچرز ایکسچینج (سی ایف ایف ای ایکس)، شنگھائی اسٹاک ایکسچینج اور شینزین اسٹاک ایکسچینج کے نمائندے شامل تھے۔
سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) نے ضروری اہم ریگولیٹری منظوریوں کا اجرا کردیا جس سے رکاوٹیں دور ہوگئیں اور پاکستان و چین کے درمیان مالی تعاون کے نئے مرحلے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔
ملاقات میں پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس کی ترقی، سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور اسٹاک ایکسچینج میں نئی مالیاتی مصنوعات متعارف کروانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وفد نے طویل عرصے سے زیرِ التواء ریگولیٹری معاملات کو حل کرنے اور مطلوبہ منظوری جاری کرنے پر ایس ای سی پی کا شکریہ ادا کیا۔
ایس ای سی پی کی منظوری کے بعد اب چینی کنسورشیم سی ڈی سی اور این سی سی پی ایل میں اپنے حصص میں اضافہ کرسکے گا۔
وفد نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے پراپرٹی مینجمنٹ کے کام کو ایک الگ کمپنی میں منتقل کرنے کی منظوری کا بھی خیرمقدم کیا۔
نئی کمپنی رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ ماڈل کے تحت ایکسچینجز پراپرٹیز کا انتظام سنبھالے گی جس سے اسٹاک ایکسچینج کو اپنے بنیادی کاروباری امور، مارکیٹ کی ترقی، نئی مالیاتی مصنوعات کے اجرا اور اسٹریٹجک نمو پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کا موقع ملے گا۔
چینی کنسورشیم کے وفد کی قیادت چائنا فنانشل فیوچرز ایکسچینج کے چیف نمائندہ یو ہونگ نے کی۔ وفد میں چائنا فنانشل کے سینئر نائب صدر لو فینگ سین اور ڈائریکٹر ژانگ شیاوفینگ بھی شامل تھے۔
یوہونگ نے پاکستان کی معاشی ترقی اور اس کی کیپٹل مارکیٹس کے روشن مستقبل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چینی کنسورشیم پاکستان کی کیپٹل مارکیٹ کی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کرنے کا خواہشمند ہے۔
ملاقات میں اسٹاک ایکسچینج پر کراس بارڈر ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز کے جلد اجرا اور دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں کو ایک دوسرے کی مارکیٹس تک رسائی فراہم کرنے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس مقصد کیلئے دونوں ممالک کی اسٹاک ایکسچینجز کے نمائندوں پر مشتمل ایک مشترکہ ٹاسک فورس پہلے ہی قائم کی جاچکی ہے۔
وفد نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جدید ٹریڈنگ اور سیٹلمنٹ ٹیکنالوجیز متعارف کرانے، مارکیٹ نگرانی کے نظام کو مزید مستحکم کرنے، نئی مالیاتی مصنوعات کے اجرا، مارکیٹ میں لیکویڈیٹی کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں میں آگاہی پیدا کرنے و ان کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔


Comments