مہنگے ٹکٹ اور ویزا مسائل کے سائے میں دنیا کا سب سے بڑا فٹبال میلہ سجنے کو تیار
- ٹورنامنٹ میں ریکارڈ 48 ٹیمیں حصہ لے رہی، مقابلوں کا شیڈول پہلے سے کہیں زیادہ طویل اور دلچسپ
دنیا کے سب سے بڑے فٹبال میلے فیفا ورلڈ کپ 2026 ایک نئے اور سنسنی خیز فارمیٹ کے ساتھ سجنے کو تیار ہے۔
اس بار ٹورنامنٹ میں ریکارڈ 48 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جس کی وجہ سے مقابلوں کا شیڈول پہلے سے کہیں زیادہ طویل اور دلچسپ ہے۔
ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغاز جمعہ 12 جون کی آدھی رات (12 بجے) گروپ اے کے افتتاحی میچ سے ہو رہا ہے جہاں میکسیکو اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ صبح 7 بجے جنوبی کوریا اور جمہوریہ چیک کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔
امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والا یہ شاندار میلہ تاریخ کا سب سے بڑا ورلڈ کپ ہے جو 19 جولائی کو نیو جرسی میں ہونے والے فائنل تک جاری رہے گا۔
ٹورنامنٹ سے13 بلین ڈالر کی مجموعی آمدنی حاصل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
تاہم فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کو ٹکٹوں کی ہوشرُبا قیمتوں پر شدید تنقید کا سامنا ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امیگریشن کے خلاف کی جانے والی سخت کارروائیوں کے باعث ایک ریفری، ایرانی ٹیم کے حکام اور شائقین کو امریکہ میں داخلے سے روک دیا گیا ہے۔
بدھ کو میکسیکو سٹی میں گفتگو کرتے ہوئے فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے ٹورنامنٹ کے انتظامات کا بھرپور دفاع کیا اور ویزا مسائل پر ہونے والی تنقید کو یکسر مسترد کردیا۔
انفینٹینو نے اس بات پر اصرار کیا کہ ٹکٹوں کی قیمتیں جو بعض صورتوں میں 30 ہزار ڈالر سے بھی تجاوز کرچکی ہیں بالکل مناسب رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 60 ڈالر والے ٹکٹوں کی ایک قلیل تعداد بھی دستیاب کرائی گئی تھی۔
انفینٹینو نے کہا کہ میں صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ ہماری ابتدائی قیمت جو کہ 60 ڈالر ہے، پلے آف مراحل میں امریکی کھیلوں کے مقابلے میں کسی بھی کھیل کی سب سے کم ابتدائی قیمت ہے۔
ہماری اوسط قیمت جو کہ 500 ڈالر سے کم ہے وہ بھی امریکی کھیلوں کے اوسط کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔


Comments