اسٹاک ایکسچینج میں نئے آئی پی اوز کی شاندار کارکردگی، اوسط منافع 47 فیصد ریکارڈ
- بہترین کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں میں زاریا لمیٹڈ 179.5 فیصد اضافے کیساتھ سرفہرست رہی
پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ زبردست تیزی کا مظاہرہ کررہی ہے جہاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) پر حال ہی میں لسٹ ہونے والی کمپنیوں نے شاندار منافع دیا اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید تقویت بخشی۔
اسٹاک ایکسچینج کے مطابق 13 نئی لسٹنگز اور اوسطاً 47 فیصد منافع کے ساتھ پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ شاندار ترقی اور سرمایہ کاروں کے مضبوط اعتماد کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
179.5 فیصد جیسے غیر معمولی اضافے سے لے کر مختلف شعبوں میں ڈبل ڈیجٹ کے منافع تک یہ اعداد و شمار آئی پی او کے ایک فروغ پاتے ہوئے اور کامیاب منظر نامے کو نمایاں کرتے ہیں۔

یہ نتائج پاکستان کی ایکویٹی مارکیٹ کی مضبوطی کو ظاہر کرتے ہیں جہاں جدت، سرمایہ کاروں کا اعتماد اور کارپوریٹ ترقی مارکیٹ کی رفتار کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
مارکیٹ میں شامل ہونے والی ہر نئی کمپنی اس میں تنوع پیدا کررہی ہے جس سے سرمایہ کاروں کے لیے ٹیکنالوجی اور فنانس سے لے کر زراعت اور رئیل اسٹیٹ جیسے مختلف شعبوں میں شمولیت کے نئے راستے کھل رہے ہیں۔
آئی پی اوز کے ذریعے شیئر ہولڈرز کو مضبوط منافع ملنے کے ساتھ یہ رجحان سرمایہ تشکیل اور دولت سازی کے لیے ایک مثبت اور متحرک منظرنامے کی نشاندہی کرتا ہے۔ پاکستان اسٹاک ایکسچینج مواقع کا ایک مرکز ہے جو کاروبار کو سرمایہ کاروں سے جوڑ کر معاشی ترقی کو فروغ دے رہی ہے۔
حالیہ برسوں میں اسٹاک مارکیٹ میں لسٹ ہونے والی زیادہ تر کمپنیاں اپنی ایشو پرائس سے نمایاں طور پر اوپر ٹریڈ کر رہی ہیں جو نئی لسٹ ہونے والی کمپنیوں کے شیئرز میں سرمایہ کاروں کی گہری دلچسپی اور لسٹنگ کے بعد ان کی شاندار کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔
بہترین کارکردگی دکھانے والی کمپنیوں میں زاریا لمیٹڈ 179.5 فیصد کے اضافے کے ساتھ سرفہرست ہے اس کے بعد نیٹس انٹرنیشنل کمیونیکیشن نے 154.1 فیصد منافع دیا ہے۔ پاکستان کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی (پاکرا) 112.6 فیصد اضافے کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جبکہ برکت فریشین ایگرو لمیٹڈ اور ایل ایس ای کیپیٹل لمیٹڈ نے بالترتیب 84.2 فیصد اور 62.6 فیصد منافع حاصل کیا۔
اپنی بنیادی قیمتِ اجرا (ایشو پرائس) سے اوپر ٹریڈ کرنے والی دیگر کمپنیوں میں پاک گلف جنرل تکافل، سگنیچر ریزیڈنسی ریٹ ، وحدت پولٹری فارمز، ستارہ پٹرولیم سروس اور پاک قطر فیملی تکافل شامل ہیں جن کے منافع کی شرح 6.7 فیصد سے 41.1 فیصد کے درمیان رہی ہے۔
تاہم تمام لسٹنگز نے مثبت منافع نہیں دیا ۔ جے ایس رینٹل ریٹ، امیج ریٹ اور غنی ڈرلنگ لمیٹڈ اس وقت اپنی بنیادی قیمتِ اجرا (اشو پرائس) سے نیچے ٹریڈ کر رہے ہیں جن کی قیمتوں میں بالترتیب 2.3 فیصد، 19.2 فیصد اور 37.6 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔


Comments