کراچی بندرگاہ کے قریب دو مال بردار بحری جہاز آپس میں ٹکرا گئے
- واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی
کراچی پورٹ کی حدود میں دو بحری جہاز آپس میں ٹکرا گئے جس کے فوراً بعد کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کی جانب سے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی شروع کردی گئی۔
واقعے میں یو اے ای کے جھنڈے تلے سفر کرنے والا مال بردار جہاز ایم وی این آئی ڈبلیو اے اور لائبیریا کے جھنڈے تلے رجسٹرڈ ایم وی پاپو شامل تھے جو 28 مئی 2026 کو رات تقریباً 8 بجے بندرگاہ کے مرکزی چینل سے باہر فیئر وے بوائے کے قریب آپس میں ٹکرا گئے۔
واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
ترجمان کراچی پورٹ ٹرسٹ نے بتایا کہ تصادم کی اطلاع ملتے ہی کے پی ٹی نے فوری طور پر اپنے سمندری وسائل کو متحرک کیا اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے چار بڑے ٹگ بوٹس کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا۔
ان ٹگ بوٹس نے متاثرہ جہاز ایم وی این آئی ڈبلیو اے کو مرمت کے لیے بحفاظت کراچی بندرگاہ پہنچا دیا ۔
امدادی کارروائی 28 اور 29 مئی کی درمیانی رات گئے تک مکمل کرلی گئی۔ یہ آپریشن عید تعطیلات کے دوران انجام دیا گیا۔
دوسری جانب کنٹینر بردار بحری جہاز ایم وی پاپو کو مزید کارروائی تک بیرونی لنگرگاہ پر روک دیا گیا ہے۔
کے پی ٹی حکام نے واقعے کی اصل وجوہات کا تعین کرنے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026


Comments