چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر نے بلوچستان میں جوانوں اور افسروں کے ساتھ عید منائی، دہشت گردی کے خلاف کارروائی کے عزم کا اعادہ
- دہشت گردی کے خلاف ملک کی حفاظت میں اہلکاروں کو ان کی جرات اور قربانیوں پر خراج تحسین پیش
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے ضلع ژوب کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مغربی سرحدوں پر تعینات فرنٹ لائن فوجی افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید الاضحیٰ منائی۔
بیان میں کہا گیا کہ دورے کا آغاز عید کی نماز اور ملک کی سلامتی، استحکام و خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا، جبکہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے لیے بھی دعائیں کی گئیں۔
آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دی اور انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں ان کے ”غیر معمولی حوصلے، غیر متزلزل عزم، آپریشنل تیاری اور مسلسل چوکسی“ کو سراہا۔
انہوں نے دہشت گردی اور دشمن کے خطرات کے خلاف ملک کے تحفظ میں فوجی جوانوں کی جرات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
حالیہ کوئٹہ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے کہا کہ یہ ”بزدلانہ دہشت گرد واقعہ“ مبینہ طور پر ”بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان اور اس کے پراکسیز“ کی جانب سے منظم کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے اقدامات پاکستان کی مسلح افواج یا قوم کے عزم کو ہرگز کمزور نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان اور عوام کا حوصلہ بلند اور غیر متزلزل ہے، اور مسلح افواج قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بلوچستان کے عوام کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے سہولت کاروں، معاونین اور مرتکبین کے خلاف پوری قوت سے کارروائی جاری رکھیں گی۔
قبل ازیں کور کمانڈر کوئٹہ نے فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی آمد پر ان کا استقبال کیا۔
بعد ازاں چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور وطن کے دفاع میں جان قربان کرنے والے اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔


Comments