گیل مونفلز کا رونالڈو اور لیبرن جیمز کے نقشِ قدم پر چلنے کا عزم
- چالیس کی عمر تک فٹ رہنے کی خواہش، مونفلز رواں سیزن کے اختتام پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کریں گے
فرانسیسی ٹینس اسٹار گیل مونفلز نے کرسٹیانو رونالڈو اور لیبرن جیمز کی طرح 40 سال کی عمر تک کھیل جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ وہ ومبلڈن، مونٹریال اور یو ایس اوپن کھیلنے کے بعد پیرس ماسٹرز میں اپنے ہی ہوم گراؤنڈ پر کیریئر کا اختتام کریں گے۔
ستمبر میں 40 سال کے ہونے والے مونفلز نے پیر کو فرنچ اوپن کے پہلے راؤنڈ میں ہم وطن ہیوگو گیسٹن سے شکست کے بعد رولینڈ گیروس اسٹیڈیم کو الوداع کہا جہاں تماشائیوں نے کھڑے ہو کر ان کے دو دہائیوں پر محیط شاندار کیریئر کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
رواں سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہونے والے مونفلز نے کہا کہ میں فٹ رہ کر 40 سال کی عمر تک کھیلنے والے کھلاڑیوں کے نقشِ قدم پر چلنا چاہتا ہوں، اس لیے اب میری تمام تر توجہ سخت ٹریننگ پر ہے۔ سابق ورلڈ نمبر چھ جنہوں نے مٹی کے کورٹ (کلیمے) پر بہترین فتوحات حاصل کیں اعتراف کرتے ہیں کہ اب اس سطح پر کھیلنا مشکل ہو چکا ہے۔ وہ یو ایس اوپن کے لیے وائلڈ کارڈ اور مونٹریال کو الوداع کہنے کے خواہش مند ہیں۔ 13 اے ٹی پی ٹائٹلز جیتنے والے مونس 2008 میں فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں پہنچے تھے۔


Comments