ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک پاکستان میں نجی شعبے کی فنانسنگ بڑھانے کی خواہاں
- وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور ایشیائی انفرااسٹرکچرانویسٹمنٹ بینک کی صدر کے درمیان اہم ملاقات
ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) نے پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو مزید وسعت دینے کے منصوبوں کا عندیہ دیتے ہوئے غیر خودمختار شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کا اعلان کیا تاکہ نجی شعبے کے ساتھ تعاون کو فروغ اور ترقیاتی اشتراک کا دائرہ وسیع ہو۔ یہ ایک ایسا اقدام ہے جو روایتی سرکاری تعاون سے چلنے والے بنیادی ڈھانچے کے قرضوں سے ہٹ کر سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھول سکتا ہے۔
منگل کو جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق یہ پیش رفت وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور ایشیائی انفرااسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کی صدر زوجیایی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آئی۔
اعلامیے کے مطابق اے آئی آئی بی کی صدر نے کہا کہ پاکستان بینک کا ایک اسٹریٹجک ترقیاتی شراکت دار ہے جس کا مجموعی پورٹ فولیو تقریباً 3.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے آئندہ 3 سے 5 سال کے لیے پاکستان کی اسٹریٹجک ترجیحات کے بارے میں دریافت کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ اے آئی آئی بی کی مستقبل کی شراکت داری ملک کی ترقیاتی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔
صدر اے آئی آئی بی نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ بینک پاکستان میں اپنی سرگرمیوں کو خودمختار مالی معاونت سے آگے بڑھاتے ہوئے غیر خودمختار شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرے تاکہ نجی شعبے کے ساتھ تعاون کو فروغ اور ترقیاتی اشتراک کا دائرہ وسیع ہو
وفاقی وزیر احد چیمہ نے اے آئی آئی بی کے تعاون سے جاری 1.387 ارب ڈالر کے پورٹ فولیوز کو سراہا اور ملک کی ترقیاتی ترجیحات کے لیے بینک کی مسلسل حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کے ریلوے نظام کی وسیع صلاحیتوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اس بات کا ذکر کیا کہ مال برداری اور لاجسٹکس کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی اور مجموعی معاشی پیداواری صلاحیت کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے پاکستان کی انفرااسٹرکچر کی ترجیحات کے ساتھ اے آئی آئی بی کی شراکت داری کو ہم آہنگ کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور اس سلسلے میں مین لائن-1 ریلوے پروجیکٹ (ایم ایل-1)، این-5 نیشنل ہائی وے فیز-II اور بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کو جدید بنانے جیسے انقلابی منصوبوں کا حوالہ دیا۔
وفاقی وزیر احد چیمہ نے پاکستان میں توانائی، ٹرانسپورٹ اور شہری ترقی کے شعبوں میں اے آئی آئی بی کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت آئندہ 3 سے 5 سال کے دوران ایسے منصوبوں پر توجہ مرکوز کرے گی جو براہِ راست معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کریں۔
انہوں نے بیرونی معاشی امداد سے فنڈڈ پورٹ فولیو کو وفاقی حکومت کی ترجیحات کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
احد چیمہ نے باہمی روابط کو مزید قریب لانے اور زیادہ مؤثر شراکت داری کی سہولت کے لیے پاکستان میں اے آئی آئی بی کا دفتر قائم کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے نجی شعبے، بالخصوص زرعی شعبے کے ساتھ تعاون بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی تاکہ ترقی کے امکانات کو اجاگر کیا جا سکے اور ویلیو چینز کو مضبوط بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے بنیادی ڈھانچے کے ترجیحی منصوبوں کے لیے اے آئی آئی بی کے تیز رفتار تعاون اور بڑھتی حمایت کیلئے پاکستان کی درخواست کا اعادہ کیا۔


Comments