پاکستان کے ٹیکس نظام پر دور رس اثرات مرتب کرنے والے ایک اہم فیصلے میں وفاقی آئینی عدالت نے واضح طور پر قرار دیا ہے کہ سپر ٹیکس آمدنی پر ایک اضافی ٹیکس ہے جس کی قانون سازی کی بنیاد آئین کے فیڈرل لیجسلیٹو لسٹ کے حصہ اول کے اندراج نمبر 47 سے حاصل ہوتی ہے۔
اگر کسی مخصوص قسم کی آمدنی کو اس سے متعلق قانون، یعنی انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہو تو اس آمدنی پر سپر ٹیکس بھی قابلِ ادائیگی نہیں ہوگا۔
مثال کے طور پر جہاں جائیداد یا سیکیورٹیز کی فروخت سے حاصل ہونے والے کیپٹل گین پر کسی مقررہ مدت سے زیادہ رکھنے، وراثت میں ملنے یا انکم ٹیکس آرڈیننس کے تحت کسی اور وجہ سے ٹیکس قابلِ ادائیگی نہ ہو تو ایسی جائیداد یا سیکیورٹیز کی فروخت سے حاصل ہونے والے کیپٹل گین پر سپر ٹیکس بھی قابلِ ادائیگی نہیں ہوگا۔
فیصلے میں مزید کہا کہ اسی طرح یہی اصول زرعی زمین کی فروخت سے ہونے والے کسی بھی منافع پر لاگو ہوگا، جس پر کسی بھی صورت میں حاصل ہونے والی آمدنی پر ٹیکس نہیں لگایا جا سکتا۔
ٹیکس ماہرین کا کہنا ہے کہ عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ان سابقہ نتائج کو بھی کالعدم قرار دے دیا جن میں فائنل ٹیکس ریجیم (ایف ٹی آر) اور علیحدہ ٹیکس ریجیم کے تحت آنے والی آمدنی کو سپر ٹیکس کے خلاف آئینی تحفظ سے باہر رکھنے کی کوشش کی گئی تھی۔ عدالتِ عظمیٰ نے ایسے نتائج کو قانونی طور پر ناقابلِ دفاع قرار دیا۔
وسیع تناظر میں توقع ہے کہ اس فیصلے کے بڑے مالیاتی اثرات مرتب ہوں گے، بالخصوص ان شعبوں پر جو خصوصی ٹیکس نظام کے تحت کام کر رہے ہیں۔ عدالت نے تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کرنے والی کمپنیوں کے کیس کا جائزہ لیتے ہوئے نوٹ کیا کہ ان کی آمدنی انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے پانچویں شیڈول کے تحت ایک خود مختار ٹیکس فریم ورک کے تابع ہے۔ یہ کمپنیاں پیٹرولیم کنسیشن ایگریمنٹس کے تحت کام کرتی ہیں، جو آمدنی کے حساب کتاب اور ٹیکس لگانے کا ایک الگ طریقہ کار فراہم کرتے ہیں۔
اس اصول کو تقویت دے کر کہ خصوصی ٹیکس نظام کو سپر ٹیکس جیسے اضافی لیویز کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا، اس فیصلے نے سرمایہ کاروں کے لیے قانونی یقین دہانی کو مضبوط کیا ہے۔
ماہرین نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کی ٹیکس قانون سازی میں ایک اہم سنگِ میل ہے جو مالیاتی اختیارات پر آئینی حدود کی توثیق کرنے کے ساتھ ساتھ واضح طور پر بیان کردہ ٹیکس چھوٹ کی بالادستی پر زور دیتا ہے۔


Comments