سلطانہ صدیقی ہم نیٹ ورک کی چیئرپرسن مقرر
- سلطانہ صدیقی صدر اور ڈائریکٹر کے عہدے سے مستعفی ہوگئیں، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باقاعدہ نوٹس جاری
ہم نیٹ ورک لمیٹڈ نے کمپنی کی صدر اور ڈائریکٹر کے عہدے سے سلطانہ صدیقی کے استعفے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے اس حوالے سے آج پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایک نوٹس کے ذریعے مطلع کیا ہے۔
نیٹ ورک کے مطابق بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سلطانہ صدیقی کو فوری طور پر بورڈ کی چیئرپرسن مقرر کر دیا ہے۔ یہ عہدہ مرحوم مظہر الحق صدیقی کے انتقال کے بعد خالی ہوا تھا۔
سلطانہ صدیقی نے اپنے کیریئر کا آغاز 1974 میں پی ٹی وی کراچی سینٹر سے بطور پروڈیوسر کیا اور 2005 میں ہم نیٹ ورک کی بنیاد رکھی (جسے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے 2009 اور 2020 میں بہترین 25 کمپنیوں کے ایوارڈ سے نوازا گیا)۔
انہیں جنوبی ایشیا میں ٹیلی ویژن نیٹ ورک قائم کرنے والی پہلی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل ہے اور وہ متعدد قومی و بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کر چکی ہیں۔ ان کی زیرِ نگرانی ہم ٹی وی کے ڈراموں نے مسلسل چار سال تک پاکستان کے معتبر لکس اسٹائل ایوارڈز حاصل کیے۔


Comments