داؤد لارنس پور لمیٹڈ نے چیئرمین اور سی ای او کا تقرر کر دیا
- حسین داؤد بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین، محمد بلال احمد دوبارہ کمپنی کے سی ای او تعینات
داؤد لارنس پور لمیٹڈ (ڈی ایل ایل) نے اہم عہدوں پر تقرریوں کا اعلان کردیا۔ اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آج ایک نوٹس کے ذریعے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
نوٹس کے مطابق حسین داؤد کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ محمد بلال احمد کو دوبارہ کمپنی کا چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) تعینات کر دیا گیا ہے۔
داؤد لارنس پور لمیٹڈ کا قیام 2004 میں بطور پبلک لسٹڈ کمپنی عمل میں آیا تھا۔ کمپنی کا بنیادی کام اپنی ذیلی اور الحاق شدہ کمپنیوں میں سرمایہ کاری کا انتظام سنبھالنا ہے۔
گزشتہ ماہ مسابقتی کمیشن پاکستان نے داؤد گروپ کے اندر کارپوریٹ ڈھانچے کی تبدیلی کے حصے کے طور پر ایک انضمام کی منظوری دی تھی۔ اس لین دین کے تحت سیان لمیٹڈ اور ڈی ایچ پارٹنرز لمیٹڈ کو داؤد لارنس پور لمیٹڈ میں ضم کر دیا گیا ہے۔
اس انتظام کے تحت ضم ہونے والے اداروں کے تمام اثاثے، واجبات اور ذمہ داریاں اب داؤد لارنس پور لمیٹڈ کا حصہ بن جائیں گی، جبکہ ان کمپنیوں کے حصص یافتگان کو داؤد لارنس پور لمیٹڈ کے حصص جاری کیے جائیں گے۔


Comments