رئیل میڈرڈ کے خلاف چیمپئنز لیگ میچ سے قبل ہیری کین کی بائرن میونخ کے ساتھ ٹریننگ
- اسٹار اسٹرائیکر ٹخنے کی انجری سے صحتیاب ہوگئے
بائرن میونخ کے اسٹار اسٹرائیکر ہیری کین نے رئیل میڈرڈ کے خلاف چیمپئنز لیگ کے کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے سے قبل ٹیم کے ساتھ تربیتی سیشن میں حصہ لیا۔ 32 سالہ کھلاڑی ٹخنوں کی تکلیف سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔
ہیری کین مارچ کے آخر میں انگلینڈ کی جانب سے انٹرنیشنل ڈیوٹی کے دوران زخمی ہوئے تھے، جس کی وجہ سے وہ جاپان کے خلاف دوستانہ میچ سے دستبردار ہو گئے تھے۔ اسی انجری کے باعث وہ ہفتے کے روز فرائی برگ کے خلاف بونڈس لیگا میچ کا حصہ بھی نہیں بن سکے تھے، تاہم پیر کو ٹریننگ کے دوران وہ خوشگوار موڈ میں نظر آئے۔
بائرن میونخ کے ہیڈ کوچ ونسنٹ کمپنی ہیری کین کو منگل کے میچ میں کھلانے کا فیصلہ آخری لمحات میں کریں گے۔ ہیری کین کی فارم رواں سیزن میں انتہائی شاندار رہی ہے، جہاں انہوں نے تمام مقابلوں میں اب تک 40 میچز کھیل کر 48 گول اسکور کیے ہیں، جن میں چیمپئنز لیگ کے 9 میچوں میں 10 گول بھی شامل ہیں۔


Comments