ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 4 دہشت گرد مارے گئے
- ہلاک ہونے والے خوارج سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور بارود برآمد ہوا، آئی ایس پی آر
ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے پیر کو انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار خارجیوں کو جہنم واصل کر دیا۔ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔ یہ دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔
علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کے خاتمے کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔


Comments