وزیر خارجہ فلسطین پر سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک روانہ
- اسحاق ڈار مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی اور مستقل مؤقف کی توثیق کریں گے، دفتر خارجہ
وزارت خارجہ نے منگل کو بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار فلسطین کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطح کے بریفنگ سیشن میں شرکت کے لیے لندن کے راستے نیویارک روانہ ہو گئے ہیں۔
دفتر خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے تازہ بیان میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ویانا کے دو روزہ دورے اور اہم مصروفیات کے بعد سینیٹر اسحاق ڈار لندن کے راستے نیویارک روانہ ہو گئے ہیں۔
اس اجلاس کی صدارت برطانیہ کی وزیر خارجہ سلامتی کونسل کی صدر کی حیثیت سے کریں گی۔
قبل ازیں دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ اسحاق ڈار مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے اصولی اور مستقل مؤقف کا اعادہ کریں گے۔
توقع ہے کہ وہ مغربی کنارے پر اپنا کنٹرول بڑھانے کے حالیہ اسرائیلی فیصلوں پر اسلام آباد کی شدید مخالفت کا اعادہ کریں گے اور غزہ میں مستقل جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیں گے۔
نائب وزیراعظم سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 پر مکمل عملدرآمد، متاثرہ شہریوں کے لیے انسانی امداد میں اضافے اور غزہ کی بحالی و تعمیرِ نو کے عمل کو جلد شروع کرنے کا مطالبہ بھی کریں گے۔
وہ بین الاقوامی قانون کی بنیاد پر منصفانہ اور پائیدار امن کی حمایت میں عالمی اور علاقائی شراکت داروں بشمول آٹھ عرب اور اسلامی ممالک کے گروپ اور امریکہ کے ساتھ پاکستان کے مسلسل سفارتی رابطوں کو اجاگر کریں گے۔
پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، خودمختار اور باہم مربوط فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دورے کے دوران اسحاق ڈار اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جن میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔


Comments