پاکستان نئی بنگلہ دیشی حکومت کے ساتھ اقتصادی اور دفاعی تعاون بڑھانے کا خواہشمند
- صدرآصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی طارق رحمان کو عام انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے پر مبارکباد
صدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) اور اس کے رہنما طارق رحمان کو عام انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنے اور نئی حکومت بنانے کا مینڈیٹ ملنے پر مبارکباد دی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے برادرانہ اور کثیرالجہتی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب بی این پی نے جمعہ کو عام انتخابات میں دو تہائی واضح اکثریت حاصل کی، جس کے بعد سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کی معزولی کے بعد کئی ماہ کے سیاسی ہنگاموں کے بعد ملک میں استحکام کی توقع کی جا رہی ہے۔
مقامی ٹی وی چینلز کے مطابق 299 میں سے کم از کم 212 نشستیں بی این پی اور اس کے اتحادیوں نے حاصل کیں۔ اپوزیشن جماعت جمعیت اسلامی اور اس کے اتحادیوں نے قومی اسمبلی میں 70 نشستیں جیتیں۔
صدر آصف زرداری نے اپنے بیان میں 299 نشستوں پر 12 کروڑ 70 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کی شرکت کے ساتھ انتخابات کے کامیاب انعقاد پر بنگلہ دیش کے عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے بنگلہ دیش کی خودمختاری اور جمہوری امنگوں کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان نئی حکومت کے ساتھ تجارت، دفاع، ثقافتی تبادلوں اور علاقائی فورمز میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ بنگلہ دیش میں انتخابات جنوبی ایشیا کے لیے ایک موقع ہیں کہ ماضی کی ان رکاوٹوں سے آگے بڑھا جائے جن کے باعث علاقائی تعاون، بشمول سارک، متاثر رہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈھاکہ میں نئی سیاسی فضا خطے میں متوازن اور باہمی احترام پر مبنی روابط کو فروغ دے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی اپنے سوشل میڈیا پیغام میں بنگلہ دیش کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ نئی قیادت کے ساتھ مل کر تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔


Comments