امریکہ ایران کشیدگی پر خدشات، خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
- برینٹ کروڈ آئل فیوچرز 3 سینٹ یا 0.04 فیصد اضافے کے ساتھ 67.55 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوئے
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں جمعہ کو معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ ایران سے ممکنہ تنازعے کے خدشات اور رواں سال سپلائی کے طلب سے زیادہ رہنے کی پیش گوئی نے قیمتوں پر دباؤ برقرار رکھا ہوا ہے۔
برینٹ کروڈ آئل فیوچرز 3 سینٹ یا 0.04 فیصد اضافے کے ساتھ 67.55 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہوئے، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ(ڈبلیو ٹی آئی) 1 سینٹ یا 0.02 فیصد اضافے کے بعد 62.85 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ اس سے قبل دونوں بینچ مارکس گزشتہ سیشن میں تقریباً 2.7 سے 2.8 فیصد تک گر چکے تھے۔
ہفتہ وار بنیاد پر برینٹ کی قیمت میں تقریباً 0.8 فیصد اور ڈبلیو ٹی آئی میں 1.1 فیصد کمی متوقع ہے۔ ہفتے کے آغاز میں اس خدشے کے باعث قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا تھا کہ امریکا ایران کے جوہری پروگرام پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے حملہ کر سکتا ہے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد کہ آئندہ ماہ ایران سے معاہدہ ممکن ہے، جغرافیائی سیاسی خدشات میں کمی آئی اور قیمتیں نیچے آگئیں۔
علاوہ ازیں عالمی توانائی ایجنسی کی ماہانہ رپورٹ میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ اس سال عالمی سطح پر تیل کی طلب میں اضافہ توقع سے کم رہے گا جبکہ مجموعی سپلائی طلب سے زیادہ ہو سکتی ہے، جس سے مارکیٹ میں اضافی دباؤ پیدا ہوگا۔
ادھر امریکا میں خام تیل کے ذخائر میں بڑے اضافے کے اعدادوشمار بھی سامنے آئے ہیں، جبکہ توقع کی جا رہی ہے کہ وینیزویلا کی تیل کی پیداوار آنے والے مہینوں میں 880,000 بیرل یومیہ سے بڑھ کر تقریباً 1.2 ملین بیرل یومیہ تک پہنچ سکتی ہے۔ امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے وینیزویلا کے توانائی شعبے پر عائد پابندیوں میں نرمی کے مزید اقدامات بھی سپلائی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔


Comments