بلوچستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک، آئی ایس پی آر
- عسکری ترجمان کے مطابق مارے گئے دہشتگرد علاقے میں دہشتگردی کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث تھے
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے ادارے (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوہلو میں ایک انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کے دوران بھارت کے حمایت یافتہ پانچ دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 25 دسمبر کو اس رپورٹ کے بعد انجام دیا گیا کہ علاقے میں ایک بھارتی پروکسی گروپ ”فتنتہ الہندوستان“ سے وابستہ دہشتگرد موجود ہیں۔ اسلام آباد اس گروپ کو بلوچستان لبریشن آرمی ( بی ایل اے) کہہ کر بھی جانتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور پانچ دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ کارروائی کے دوران ان کے قبضے سے ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
فوج کے مطابق مارے گئے دہشتگرد علاقے میں دہشتگردی کی متعدد سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں سیکورٹی اور کلیئرنس کی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ آس پاس مزید کوئی دہشتگرد موجود نہ ہوں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن ملک کی جاری انسداد دہشتگردی مہم کا حصہ تھا، جو ”عزم استحکام“ کے وژن کے تحت چلائی جا رہی ہے۔ یہ وژن نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپیکس کمیٹی کی منظوری سے نافذ کیا گیا ہے اور اس کا مقصد پاکستان سے وہ دہشتگردی ختم کرنا ہے جسے آئی ایس پی آر نے غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشتگردی قرار دیا ہے۔


Comments
Comments are closed.