پاکستان پیٹرولیم نے سندھ میں گیس کے ذخائر دریافت کرلیے
- کشمور کے تحقیقی کنویں ایل اے ایل ایکس ون سے غیر روایتی گیس دریافت ہوئی
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے اعلان کیا ہے کہ اس نے سندھ کے ضلع کشمور میں واقع اپنے تحقیقی کنویں ایل اے ایل ایکس ون سے ہائیڈروکاربن ذخائر دریافت کر لیے ہیں۔
یہ خبر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں دی گئی۔نوٹس کے مطابق پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، جو کہ کندھ کوٹ ڈیویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز کا آپریٹر ہے نے اپنے مذکورہ تحقیقی کنویں میں لوئر ایلباسٹر فارمیشن سے غیر روایتی گیس دریافت کی ہے، جو ضلع کشمور سندھ میں واقع ہے۔
یہ کندھ کوٹ ڈیویلپمنٹ اینڈ پروڈکشن لیز میں لوئر ایلباسٹر فارمیشن سے پہلی دریافت ہے، جس میں پی پی ایل نے 100 فیصد ورکنگ انٹریسٹ کے ساتھ آپریٹر کی حیثیت سے کام کیا۔
غیر روایتی گیس کی دریافت سے مراد وہ قدرتی گیس ہے جو سخت چٹانی ساختوں جیسے شیل یا سینڈ اسٹون یا کوئلے کی تہوں میں موجود ہوتی ہے، جسے نکالنے کے لیے ہائیڈرولک فریکچرنگ اور ہوریزونٹل ڈرلنگ جیسی جدید تکنیکوں کی ضرورت ہوتی ہے، جبکہ روایتی گیس آسانی سے خالی ریزروائرز سے بہہ جاتی ہے۔
کنویں ایل اے ایل ایکس ون کا کام 30 جون 2025 کو شروع کیا گیا اور اسے 1,408 میٹر تک کھودا گیا ، تاکہ لوئر ایلباسٹر فارمیشن کی درمیانی چونا پتھریلی تہوں میں ہائیڈروکاربن کی صلاحیت کو جانچا جا سکے۔
پی پی ایل کے مطابق پوسٹ کمپلیشن ٹیسٹنگ کے دوران کنویں نے 64/64 چوک پر 33 پی ایس آئی جی ویل ہیڈ فلوئنگ پریشر کے تحت 0.138 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس کی روانی دکھائی۔
کنویں کے نتائج لوئر ایلباسٹر فارمیشن میں ہائیڈروکاربن کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہیں۔ تجارتی حیثیت پوسٹ ویل تجزیے اور مستقبل کے تحقیقی کنوؤں کے نتائج کی بنیاد پر طے کی جائے گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پی پی ایل نے ضلع خیرپور سندھ میں واقع اپنے تحقیقی کنویں سوان نارتھ ڈیپ ون ایس ٹی ون سے بھی ہائیڈروکاربن ذخائر دریافت کیے تھے۔


Comments
Comments are closed.