بھارت، اسمارٹ فونز میں سرکاری ایپ کی تنصیب پر پارلیمنٹ میں بحث کرائی جائے، کانگریس کا مطالبہ
- بھارتی حکومت نے خفیہ طور پر ایپل، سام سنگ اور شیاؤمی سمیت بڑی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 90 دن کے اندر اپنے فونز میں سنچار ساتھی نامی ایپ پہلے سے انسٹال کریں
بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت نے بدھ کو کہا کہ حکومت کی جانب سے اسٹیٹ رن ایپ کو اسمارٹ فونز میں لازمی طور پر پری لوڈ کرنے کا منصوبہ صارفین کی پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے اور حکومت کو اس معاملے پر وضاحت دینی چاہیے۔ گزشتہ چند دنوں سے اٹھنے والے نگرانی کے خدشات کے بعد یہ معاملہ سیاسی طور پر مزید شدید ہوتا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی حکومت نے خفیہ طور پر ایپل، سام سنگ اور شیاؤمی سمیت بڑی کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 90 دن کے اندر اپنے فونز میں سنچار ساتھی نامی ایپ پہلے سے انسٹال کریں۔ یہ ایپ چوری شدہ فونز کا سراغ لگانے، انہیں بلاک کرنے اور ان کے غلط استعمال کی روک تھام کے لیے بنائی گئی ہے، لیکن پرائیویسی کے حوالے سے کام کرنے والے ماہرین اور وزیراعظم نریندر مودی کے ناقدین نے اسے نگرانی کا آلہ قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔
بدھ کے روز انڈین نیشنل کانگریس نے پارلیمان کے ایوانِ بالا میں اس ہدایت پر بحث کا مطالبہ کیا اور کہا کہ حکومت کو اس اقدام کے پرائیویسی اور سکیورٹی خطرات پر وضاحت دینی چاہیے۔ سینیئر کانگریس رہنما رندیپ سنگھ سرجے والا نے پارلیمنٹ میں جمع کرائے گئے نوٹس میں کہا کہ حکومت یہ واضح کرے کہ وہ کس قانونی اختیار کے تحت ایسی ایپ کی لازمی تنصیب کا حکم دے رہی ہے۔ ان کے مطابق خدشہ یہ ہے کہ لازمی طور پر انسٹال کی جانے والی ایپ میں کسی قسم کا بیک ڈور موجود ہو سکتا ہے، جو صارف کے ڈیٹا اور پرائیویسی کو مکمل طور پر خطرے میں ڈال دے۔
دوسری جانب بھارت کی ٹیلی کام وزارت نے اس اقدام کا دفاع کرتے ہوئے اسے سائبر سکیورٹی کے سنگین خدشات سے نمٹنے کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ چوری شدہ فونز کے بڑھتے ہوئے استعمال اور فراڈ کے واقعات نے موثر ٹریکنگ اور بلاکنگ سسٹم کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔
اسی دوران یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ ایپل اس ہدایت پر عمل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا اور وہ حکومت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا۔ کمپنی کے مطابق یوزر پرائیویسی اس کا بنیادی اصول ہے اور ایسے اقدامات اس کے عالمی سسٹم کے ساتھ مطابقت نہیں رکھتے۔ یہ معاملہ بھارت میں ٹیک سیکٹر، پرائیویسی حقوق اور حکومتی نگرانی کے حوالے سے ایک بڑی بحث کو جنم دے چکا ہے، جو آئندہ دنوں میں مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔


Comments
Comments are closed.