پاکستان اور مصر کا تجارت و سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم
- اسلام آباد اہم اقتصادی شعبوں میں سے 250 کاروباری اداروں کی فہرست قاہرہ کے ساتھ شیئر کرے گا ، تاکہ باہمی تعاون اور سہولت کاری کو فروغ دیا جاسکے
پاکستان اور مصر نے تجارت، سرمایہ کاری، سلامتی، سیاست، زراعت اور عوامی روابط سمیت تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ اتفاقِ رائے اسلام آباد میں وزارتِ خارجہ میں ڈپٹی وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار اور مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کی ملاقات کے دوران سامنے آیا۔
دونوں ممالک نے پاکستان مصر تعلقات کو مضبوط بنانے اور ادارہ جاتی ڈھانچوں کی بحالی پر اتفاق کیا، جن میں جوائنٹ منسٹریل کمیشن (جے پی ایم) اور سالانہ دو طرفہ مشاورت (اے بی سی) شامل ہے۔
ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین نے دو طرفہ تجارت بڑھانے اور کاروباری روابط مضبوط کرنے پر خاص توجہ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد مصر کے ساتھ معیشت کے اہم شعبوں میں 250 پاکستانی کاروباری اداروں کی مفصل فہرست شیئر کرے گا، جنہیں قاہرہ کی جانب سے سہولت فراہم کی جائے گی ، تاکہ تجارتی تعاون میں اضافہ ہو۔
ڈپٹی وزیرِ اعظم نے بتایا کہ چھ ماہ بعد مزید 250 کاروباری اداروں کی فہرست بھی فراہم کی جائے گی، یوں مجموعی طور پر 500 پاکستانی بزنسز مصر کے ساتھ تعاون کے اس فریم ورک میں شامل ہوں گے۔
اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ نجی شعبے میں روابط کو باضابطہ شکل دینے کے لیے پاک مصر بزنس کونسل قائم کی جائے گی، جبکہ بزنس ٹو بزنس تعاون بڑھانے کے لیے پاک مصر بزنس فورم بھی جلد بنایا جائے گا۔
تعلیم اور عوامی روابط کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ مصر نے جامعہ الازہر قاہرہ میں پاکستانی طلبہ کے لیے اسکالرشپس کی تعداد دگنی کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے میں پاکستان کی معاونت اور تعلیمی و ثقافتی تعاون کے لیے مصر کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اپنی جانب سے مصری وزیرِ خارجہ نے پاکستان اور مصر کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ ان کا ملک باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ مصر زراعت، تجارت و سرمایہ کاری، دواسازی، صحتِ عامہ اور انتہا پسندی کے خلاف کوششوں میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔
وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر گزشتہ شب سینیٹر ڈار کی دعوت پر دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور مصر کے دیرینہ، دوستانہ اور ثقافتی رشتوں کا مظہر ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو سیاسی، اقتصادی، دفاعی، ثقافتی اور عوامی سطح پر مزید مضبوط سمت میں آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا۔


Comments
Comments are closed.