دو ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد سونے کی قیتمیں مستحکم
- اسپات گولڈ 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 4,154.09 ڈالر فی اونس رہا
سونے کی قیمتیں بدھ کی نسبت مستحکم رہیں، جو گزشتہ سیشن میں تقریباً دو ہفتوں کی بلند ترین سطح تک پہنچ گئی تھیں، کیونکہ مارکیٹ کے شرکا دسمبر میں امریکی سود کی شرح میں ممکنہ کمی کے امکانات کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ فیڈرل ریزرو سے متضاد اشارے سامنے آئے۔
اس وقت اسپات گولڈ 0.2 فیصد کمی کے ساتھ 4,154.09 ڈالر فی اونس رہا۔ دسمبر کی ترسیل کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز 0.3 فیصد کمی کے بعد 4,151.20 ڈالر فی اونس پر بند ہوئے۔
گولڈ سلور سینٹرل کے ایم ڈی برائن لان نے کہا کہ فی الحال فیڈ کے مستقبل کے اقدامات واضح نہیں اور گولڈ صرف فیڈ میٹنگ سے پہلے کنسولیڈیٹ کر رہا ہے۔
شرح سود میں کمی کے وقت اور حجم کے حوالے سے متضاد اشارے بڑھ گئے ہیں، جس کے باعث سرمایہ کار ہیجنگ کے لیے سویپشنز اور اوور نائٹ ریٹس سے منسلک ڈیریویٹوز میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں تاکہ پالیسی میں غیر یقینی صورتحال سے بچا جا سکے۔
نیویارک فیڈ کے صدر جان ولیمز اور گورنر کرسٹوفر والر کی قیادت میں کچھ فیڈ اہلکاروں نے کہا کہ دسمبر میں ریٹ کم کرنا مناسب ہو سکتا ہے کیونکہ لیبر مارکیٹ کی کمزوری ٹریژری کے شرح منافع پر دباؤ ڈال رہی ہے۔
گذشتہ سیشن میں 10 سالہ امریکی ٹریژری بانڈ کی شرح منافع ایک ماہ کی کم ترین سطح کے قریب رہی۔
تاہم ان کا موقف کچھ علاقائی فیڈ صدور کے نقطہ نظر سے متضاد تھا، جو چاہتے ہیں کہ کمی تب تک روکی جائے جب تک مہنگائی 2 فیصد کے ہدف کی طرف واضح سمت نہ دکھائے۔
دوسری جانب، کیون ہیسٹ، جو جیروم پاول کی جگہ فیڈ چیئر کے لیے ابھرتے ہوئے سامنے آئے ہیں، اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے کہ شرحیں کم ہونی چاہئیں۔
سی ایم ای کے فیڈ واچ ٹول کے مطابق امریکی ریٹ فیوچرز دسمبر میں 85 فیصد امکان کے ساتھ ریٹ میں کمی کی توقع کر رہے ہیں۔
سود نہ دینے والے گولڈ کی کارکردگی عموماً کم شرح سود کے ماحول میں بہتر ہوتی ہے۔
گزشتہ ہفتے بیروزگاری کے دعوے کم ہوئے، حالانکہ لیبر مارکیٹ اتنے مواقع پیدا کرنے میں جدوجہد کر رہی ہے جتنے بے روزگار افراد کے لیے ضروری ہیں۔
اسی دوران، امریکی صارفین کا اعتماد نومبر میں کم ہوا کیونکہ ملازمتوں اور گھریلو مالی حالات کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے۔
دیگر دھاتوں میں، اسپات سلور 0.9 فیصد کمی کے بعد 52.89 ڈالر فی اونس پر، پلاٹینم 1.4 فیصد اضافہ کے ساتھ 1,611.04 ڈالر پر اور پیلاڈیم 0.9 فیصد کمی کے ساتھ 1,409.87 ڈالر فی اونس پر رہا۔


Comments
Comments are closed.