ای سی سی نے دفاعی منصوبوں کیلئے 50 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ منظور کرلی
- دفاعی آلات کی مرمت کے لیے 10 کروڑ روپے سے زائد کی گرانٹ بھی منظور
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے دفاعی منصوبوں کے لیے 50 ارب روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔
منگل کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت ہونے والے ای سی سی اجلاس میں سول آرمڈ فورسز کے استعمال میں رہنے والے دفاعی آلات کی مرمت کے لیے 10 کروڑ روپے سے زائد کی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔
اجلاس میں سرحدی نگرانی اور داخلی سلامتی کے لیے 84 کروڑ روپے سے زائد کی اضافی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔
اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزارت داخلہ و انسدادِ منشیات کی درخواست پر ای سی سی نے وفاقی سول آرمڈ فورسز کے زیرِ استعمال دفاعی آلات کی دیکھ بھال اور مرمت کے لیے 10 کروڑ 3 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی۔
وزارت داخلہ و انسدادِ منشیات کی ایک اور سمری پر کمیٹی نے سرحدی نگرانی، داخلی سکیورٹی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 84 کروڑ 15 لاکھ 60 ہزار روپے کی اضافی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی۔
ڈیفنس ڈویژن کی سمری پر ای سی سی نے دفاعی سروسز کے منظور شدہ مختلف منصوبوں کے لیے 50 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دے دی۔
ای سی سی نے وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے پیش کی گئی سمری پر پاسکو کو ختم کرنے اور ایک خصوصی مقصد کے لیے قائم کی جانے والی کمپنی کے قیام پر بھی غور کیا۔ کمیٹی نے ایس پی وی کے قیام کی منظوری دی، جس کے لیے ابتدائی ادائیگی شدہ سرمایہ 10 لاکھ روپے رکھا گیا ہے جبکہ ادارے کی مرحلہ وار تحلیل کے لیے مجاز سرمایہ ضرورت کے مطابق کم کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، ای سی سی نے پیٹرولیم ڈویژن کی پیش کردہ سمری پر آف شور آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن بلاکس میں لائسنس کی مدت میں توسیع اور ورکنگ انٹرسٹ کی منتقلی سے متعلق تجاویز پر غور کیا۔ کمیٹی نے ان تجاویز کی منظوری دے دی، جن کا مقصد پاکستان کے پیٹرولیم ایکسپلوریشن سیکٹر میں غیر ملکی کمپنیوں کی شمولیت کو بڑھانا اور انہیں سہولت فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان، اور متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Comments
Comments are closed.