سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں بھارتی پراکسی فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک کردیے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام ویژن کے تحت انسدادِ دہشت گردی مہم پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔
دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم دہشت گردی کے اس عفریت کے خلاف جنگ اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک اسے ملک سے مکمل طور پر ختم نہیں کر دیا جاتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وطن کے دفاع کے ہمارے غیر متزلزل عزم میں پوری قوم، بشمول میری ذات پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔


Comments
Comments are closed.