امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ وہ بیرونِ ملک بننے والی فلموں پر 100 فیصد ٹیکس (ٹیرف) عائد کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی فلم انڈسٹری دوسرے ممالک نے چوری کر لی ہے، بالکل ایسے جیسے بچے سے ٹافی چھین لی جائے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ دیگر ممالک نے امریکی فلمی کاروبار کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزم کو بھی کمزور اور نااہل قرار دیا اور کہا کہ ان کی ریاست اس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہے۔
امریکی صدر نے اس سے قبل مئی میں بھی ایسے ہی ٹیرف لگانے کی دھمکی دی تھی اور محکمۂ تجارت و تجارتی نمائندے کو عملدرآمد کی ہدایت دی تھی، تاہم اب تک واضح نہیں کہ یہ ٹیکس کب اور کیسے نافذ ہوں گے۔
ہالی ووڈ امریکی معیشت کا ایک اہم شعبہ ہے جو 2022 میں 2.3 ملین ملازمتیں اور تقریباً 279 ارب ڈالر کی فروخت کا باعث بنا لیکن کوویڈ وبا اور حالیہ ہالی ووڈ ہڑتالوں نے انڈسٹری کو بری طرح متاثر کیا ہے اور فلم بین اب زیادہ تر گھروں پر فلمیں دیکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔
ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ادویات، فرنیچر اور ہیوی ٹرکوں پر بھی 25 سے 100 فیصد تک درآمدی ٹیرف لگانے کا عندیہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کمپنیوں نے امریکی سرزمین پر کارخانے قائم نہ کیے تو 100 فیصد ٹیکس لاگو کیا جائے گا۔


Comments
Comments are closed.