پاکستان کا توانائی شعبہ ایک طویل عرصے سے تاخیر کا شکار سنگل بائر ماڈل سے کمپیٹیٹو ٹریڈنگ بائی لیٹرل کانٹریکٹ مارکیٹ (سی ٹی بی سی ایم) کی طرف منتقلی کے قریب پہنچ رہا ہے۔ پاور ڈویژن کی جانب سے بالآخر آئی ایس ایم او کے تحت آکشن فریم ورک جاری کرنے اور 800 میگاواٹ وہیلنگ ڈیمانڈ کے پہلے حصے کی نشاندہی کے بعد، مارکیٹ اصلاحات نظریے سے عارضی عملی شکل میں آ گئی ہیں۔
تاہم ڈیزائن کی وضاحت اور عمل درآمد میں تسلسل ہی یہ طے کرے گا کہ یہ لبرلائزیشن کا تجربہ واقعی ریلیف فراہم کرتا ہے یا صرف موجودہ الجھن میں ایک اور پیچیدگی کا اضافہ کرتا ہے۔
دہائیوں سے پاکستان کا بجلی نظام سی پی پی اے-جی کے گرد گھومتا رہا ہے جو کہ بجلی کا واحد خریدار ہے اور جنریٹرز کے ساتھ طویل مدتی پی پی ایز کے تحت معاہدے کرتا ہے اور پھر اسے ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو دوبارہ فروخت کرتا ہے۔ انتظامی طور پر آسان ہونے کے باوجود یہ ڈھانچہ مالی طور پر ناقابلِ برداشت ثابت ہوا ہے جس نے کیپیسٹی پیمنٹس کو مستقل کردیا ہے، کارکردگی کی حوصلہ شکنی کی ہے اور گردشی قرضہ میں اضافہ کیا ہے۔
سی ٹی بی سی ایم جس کا تصور پہلی بار 2017 میں پیش کیا گیا اس اجارہ داری کو ختم کرنے کی کوشش کرتا ہے تاکہ متعدد خریدار اور فروخت کنندہ براہِ راست معاہدے کرسکیں جبکہ آئی ایس ایم او نظام کی سالمیت اور سیٹلمنٹ کو یقینی بنائے گا۔ نظریاتی طور پر ایسی مسابقت لاگت موثر بجلی کی پیداوار کی حوصلہ افزائی کرسکتی ہے، نجی سرمایہ کاری کو راغب کرسکتی ہے اور صارفین خاص طور پر بڑے پیمانے پر بجلی استعمال کرنے والوں کو حقیقی انتخاب دے سکتی ہے۔
نیا اعلان کردہ آکشن فریم ورک نہایت اہم سنگِ میل ہے۔ خاص طور پر اب سیٹلمنٹ کے لیے فی گھنٹہ بجلی پیداوار کے پروفائلز اور فی گھنٹہ مارجنل لاگت کو مدنظر رکھا جائے گا۔ یہ تبدیلی خوش آئند ہے کیونکہ یہ رسدو طلب میں حقیقی اتار چڑھاؤ کو ظاہر کرتی ہے، بجائے اس کے کہ مہینے بھر کی عدم توازن کو ہموار کردیا جائے۔ اگر اسے درست طریقے سے نافذ کیا جائے تو یہ نظام کی کارکردگی کو بہتر بنائے گا، کم لاگت پر بجلی کی ترسیل کی حوصلہ افزائی کرے گا اور قابلِ تجدید توانائی کے لیے مارکیٹ میں منصفانہ مقابلے کے دروازے کھولے گا۔ شفاف بولی کے عمل، واضح اہلیت کے معیار اور سادہ وہیلنگ انتظامات کی بدولت صنعتیں سستی اور صاف بجلی حاصل کر سکیں گی جو مسابقت کو بڑھانے اور توانائی کے مرکب کو ماحول دوست بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
تاہم سنگین رکاوٹیں اب بھی موجود ہیں۔ سب سے بڑی رکاوٹ اسٹرینڈڈ کاسٹس (stranded costs) کا مسئلہ ہے، یعنی وہ پرانی صلاحیت جو سنگل بائر نظام کے تحت تعمیر کی گئی تھی اور جو آزاد منڈی میں کم استعمال ہوسکتی ہے۔ اگر ان اخراجات کی منصفانہ تقسیم نہ کی گئی تو یہ خطرہ دوبارہ گردشی قرض کو بڑھا سکتا ہے یا سرمایہ کاروں کے اعتماد کو کمزور کرسکتا ہے۔اسی طرح یوز آف سسٹم چارجز کے فریم ورک میں مزید وضاحت کی ضرورت ہے؛ لاگت کو دہرا شمار کرنے کے الزامات کو دور کرنا لازمی ہے تاکہ مارکیٹ اعتبار حاصل کرسکے۔ طلب کی طرف ادائیگیوں کی وصولی اب بھی کمزور ہے، اور ڈسکوز کی سطح پر اصلاحات کے بغیر، ایک مسابقتی ہول سیل مارکیٹ کو انہی پرانی مالی کمزوریوں کے ذریعے خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
پاور ڈویژن کی جانب سے ستمبر تک کمرشل آغاز کی یقین دہانی خوش آئند ہے، مگر احتیاط ضروری ہے۔ مارکیٹ لبرلائزیشن کوئی جادوئی حل نہیں اس کے لیے مضبوط ریگولیشن، سیاسی عزم اور تکنیکی تیاری درکار ہے۔۔ ایک نامکمل طور پر نافذ کیا گیا سی ٹی بی سی ایم عدم کارکردگیوں کو دور کرنے کے بجائے انہیں مزید بڑھانے کا خطرہ رکھتا ہے۔
پاکستان کے لیے داؤ بہت بڑا ہے۔ ایک شفاف اور مسابقتی بجلی کی منڈی سرمایہ کاری کو متوجہ کر سکتی ہے، زرمبادلہ پر بھاری ایندھن کے انحصار کو کم کر سکتی ہے اور صارفین کو بااختیار بنا سکتی ہے۔ مگر جب تک اسٹرینڈڈ کاسٹس، ٹیرف کی درستی اور گورننس اصلاحات ساتھ ساتھ آگے نہیں بڑھتیں، سی ٹی بی سی ایم بھی نامکمل اصلاحات کی لغت میں صرف ایک اور مخفف بن کر رہ جائے گا۔ آنے والے مہینے یہ ظاہر کریں گے کہ کیا پالیسی ساز واقعی اس پر عملدرآمد کا عزم رکھتے ہیں یا نہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025


Comments
Comments are closed.