آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) جو کہ پاکستان کی سب سے بڑی ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کمپنی ہے نے جمعہ کو اعلان کیا کہ سوغری نارتھ ویل-ون سے کامیابی کے ساتھ پیداوار شروع کردی گئی ہے۔
کمپنی نے یہ اعلان پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو دیے گئے نوٹس میں کیا۔ نوٹس کے مطابق اس ویل کی یومیہ پیداواری صلاحیت 14.0 ملین معیاری مکعب فٹ (ایم ایم ایس سی ایف ڈی) گیس اور 430 بیرل کنڈنسٹیت ہے۔
او جی ڈی سی ایل کے مطابق، اس دریافت سے جلد سے جلد فائدہ اٹھانے کے لیے کنویں کو ڈکنی پلانٹ سے ملانے والی 8 انچ قطر اور 14 کلومیٹر طویل فلو لائن بچھائی گئی ہے تاکہ گیس کی پروسیسنگ کی جا سکے۔
نوٹس میں مزید بتایا گیا کہ پروسیس شدہ گیس کو ایس این جی پی ایل کے نظام میں داخل کیا جا رہا ہے۔
سوغری نارتھ-1 ویل 21 مئی 2024 کو شروع کیا گیا، جو او جی ڈی سی ایل کی پاکستان کے ہائیڈروکاربن وسائل کی تلاش میں جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
یہ ویل پٹالا فارمیشن میں کل 4,942 میٹر کی گہرائی تک کھدوائی گئی اور اس پر وسیع پیمانے پر تجربات کیے گئے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئے ہائیڈروکاربن ذخائر کے اضافے سے او جی ڈی سی ایل کے پورٹ فولیو کو مضبوطی ملے گی اور پاکستان کے مقامی توانائی وسائل کو فروغ حاصل ہوگا۔


Comments
Comments are closed.