نیکسٹ کیپیٹل لمیٹڈ نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کمپنی کو سیکیورٹیز منیجر کے طور پر کام کرنے کا لائسنس جاری کردیا ہے۔
یہ اطلاع کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے دی۔
نوٹس کے مطابق نیکسٹ کیپٹل پہلا سیکیورٹیز بروکر ہے جسے یہ لائسنس جاری کیا گیا ہے جو کمپنی اور کیپٹل مارکیٹس دونوں کے لیے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ اس لائسنس کے تحت وہ پورٹ فولیو مینجمنٹ اور سرمایہ کاری سے متعلق مشاورتی خدمات کا آغاز کرے گی جس سے سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی جدید اور قدر افزا سہولتوں کی رینج میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
مزید کہا گیا کہ یہ پیش رفت نہ صرف کلائنٹس کو سرمایہ کاری کے زیادہ متنوع اور جامع حل فراہم کرنے کی صلاحیت کو تقویت دے گی بلکہ پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس کی ترقی اور وسعت میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔


Comments
Comments are closed.