فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے یکم جولائی 2025 سے 479 اشیاء کی درآمد پر کسٹمز ڈیوٹی سے استثنیٰ ختم کر دیا ہے، جن میں متفرق اشیاء بھی شامل ہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے کسٹمز کے کلیکٹرز کو جاری کردہ ہدایات کے مطابق، استثنیٰ کی لاگت میں کمی اور نظام کو مؤثر بنانے کے لیے کسٹمز ایکٹ 1969 کے ففتھ شیڈول کے حصہ اول، دوم اور سوم میں درج 479 اشیاء کو حذف کر دیا گیا ہے۔
اعداد و شمار اور پچھلے سال سے موازنہ میں آسانی کے لیے ففتھ شیڈول میں سیریل نمبرز کو برقرار رکھا گیا ہے۔
مزید یہ کہ ففتھ شیڈول کا حصہ ہفتم ، جس میں متفرق اشیاء شامل تھیں، کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
تاہم، دو اشیاء:
1 . ”زندہ (بیبی/بروڈ اسٹاک) مچھلی اور جھینگے/پراونز برائے افزائش نسل و پیداوار“ 2 . ”کچا تمباکو؛ تمباکو کا فضلہ“ اب ففتھ شیڈول کے حصہ دوم میں سیریل نمبر 153 اور 154 کے تحت شامل کر دی گئی ہیں۔
تیسرا اہم نکتہ یہ ہے کہ ففتھ شیڈول کے حصہ چہارم میں درج اشیاء کی درآمد کے لیے سابقہ وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری (موجودہ وزارت تجارت) سے رجسٹریشن کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ اب شرط یوں ترمیم شدہ ہے: ایسی مشینری و آلات، جو مقامی طور پر تیار نہیں ہوتے، اگر ٹیکسٹائل و ملبوسات کی ایسی صنعتی اکائیوں کی جانب سے درآمد کیے جائیں جو سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے تحت بطور مینوفیکچرر-ایکسپورٹر رجسٹرڈ ہوں۔
ایف بی آر نے یہ بھی بتایا کہ ریگولیٹری ڈیوٹی (آر ڈی) کے نفاذ کے لیے 30 جون 2024 کو جاری کردہ ایس آر او 928(I)/2024 کی جگہ نیا ایس آر او11520(I)/2025، مؤرخہ 30 جون 2025، جاری کیا گیا ہے۔
مزید ہدایات میں بتایا گیا ہے کہ 1011 پی سی ٹی (پی ٹی سی) کوڈز پر ریگولیٹری ڈیوٹی کم کی گئی ہے۔ ان میں سے 473 پی سی ٹی کوڈز پر آر ڈی کی شرح میں 50 فیصد اور 538 پی سی ٹی کوڈز پر 20 فیصد کمی کی گئی ہے۔ آر ڈی کی زیادہ سے زیادہ شرح 90 فیصد سے کم کر کے 50 فیصد کر دی گئی ہے۔
970 پی سی ٹی کوڈز پر آر ڈی گزشتہ سال کی شرح پر برقرار رکھی گئی ہے۔
آلوچے (پلمز) پر 28 فیصد کی شرح سے ریگولیٹری ڈیوٹی عائد کی گئی ہے، تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ آلوچے پر کسی بھی پی سی ٹی کوڈ کے تحت 28 فیصد کی شرح لاگو ہو۔
ایف بی آر نے چیف کلیکٹرز آف اپریزمینٹ اور کلیکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ آلوچے پر درست آر ڈی وصولی کو یقینی بنایا جائے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025


Comments
Comments are closed.