چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے بے رحمانہ قتل کی شدید مذمت کی اور واقعے پر گہرے رنج وغم اور شدید غصے کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سنگدلانہ جرم کی دل دہلا دینے والی ویڈیو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس نے عوامی صدمے اور غم وغصے کو مزید بڑھادیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس سنگین قتل میں ملوث افراد درندوں سے کم نہیں اور ان کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جانی چاہیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملزمان کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے اس جرم کی سنگینی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ واضح طور پر صنفی بنیادوں پر دہشت گردی کا واقعہ ہے اور اسے بلوچستان حکومت کے لیے ایک ٹیسٹ کیس کے طور پر لیا جانا چاہیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اسلام خواتین کو اپنی مرضی سے شادی کا حق دیتا ہے اور پاکستان کا آئین اس حق کو تسلیم کرتا ہے اور اس کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور خواتین کے خلاف تشدد اور امتیازی سلوک کے حوالے سے بالکل واضح ہے — یعنی اس سلسلے میں کسی قسم کی برداشت نہیں برتی جائے گی۔


Comments
Comments are closed.