اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ منگل کو جنوبی غزہ کی پٹی میں جھڑپ کے دوران اس کا ایک افسر اور 6 فوجی ہلاک ہوگئے۔
فوج کے بیان کے مطابق ایک علیحدہ واقعے میں جنوبی غزہ ہی میں ایک اور اسرائیلی فوجی شدید زخمی بھی ہوا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ ساتوں فوجی خان یونس شہر میں اس وقت مارے گئے جب ان کی گاڑی کے نیچے نصب ایک دھماکا خیز مواد پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی میں آگ لگ گئی۔
غزہ میں جاری جنگ اُس وقت شروع ہوئی جب 7 اکتوبر 2023 کو حماس کی قیادت میں حملہ آوروں نے اسرائیل پر حملہ کیا، جس میں اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق 1,200 افراد ہلاک اور 251 کو یرغمال بنا لیا گیا۔
اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملوں کے نتیجے میں غزہ میں اب تک 56,000 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ حماس کے زیرانتظام وزارتِ صحت کے مطابق ان حملوں نے 20 لاکھ سے زائد کی آبادی کو بے گھر کردیا ہے اور بھوک کا شدید بحران پیدا ہو گیا ہے۔
فوج کے اعداد و شمار کے مطابق جون کے آغاز سے اب تک غزہ میں لڑائی کے دوران 19 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔


Comments
Comments are closed.