ای سی او: تاریخ، 10 رکن ممالک اور پاکستان کا کردار
- ’’پاکستان کی قیادت میں 10 رکنی ای سی او، ایشیا کو یورپ سے ملانے والے تزویراتی اہمیت کے حامل خطے میں مشترکہ خوشحالی کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا ذریعہ ہے۔‘‘
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مغربی ایشیا میں تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا 10 ممالک پر مشتمل علاقائی اتحاد ہے۔
پاکستان کے لیے یہ تنظیم علاقائی تجارت مضبوط بنانے، خشکی میں گھرے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ رابطوں کو بہتر بنانے اور اپنی سمندری بندرگاہوں کے ذریعے عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کا ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
اسلام آباد میں 15 اور 16 نومبر کو تنظیم کے 30ویں اجلاس کے بعد پاکستان نے 2026-27 کی مدت کے لیے ای سی او کی وزرائے کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے۔ ’’مضبوط اور مستحکم ای سی او کے لیے علاقائیت کا احیا‘‘ کے عنوان کے تحت پاکستان علاقائی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی لچک اور انسانی ترقی کو ترجیح دینا چاہتا ہے۔
ای سی او کا قیام کیسے عمل میں آیا؟
ای سی او 1985ء میں قائم ہوئی، جس نے علاقائی تعاون برائے ترقی (آر سی ڈی) کی جگہ لی۔ پاکستان، ایران اور ترکیے نے 1964ء میں اقتصادی، تکنیکی اور ثقافتی تعاون کے فروغ کے لیے آر سی ڈی کی بنیاد رکھی تھی۔
1992ء میں افغانستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کی شمولیت کے بعد تنظیم کے رکن ممالک کی تعداد 10 ہوگئی۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں قائم اس تنظیم کا صدر دفتر ایک ایسے تزویراتی لحاظ سے اہم خطے میں واقع ہے جو ایشیا کو یورپ سے ملاتا ہے اور اہم تجارتی راستوں اور منڈیوں تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
ای سی او کے رکن ممالک میں پاکستان، ایران، ترکیے، افغانستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔
ای سی او کے مقاصد کیا ہیں؟
تنظیم کا مقصد تجارت اور سرمایہ کاری، نقل و حمل اور راہداریوں کے روابط، توانائی، سیاحت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اس کے اہم اقدامات میں ای سی او تجارتی معاہدہ (ایکوٹا) بھی شامل ہے، جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان محصولات میں کمی اور تجارت کو آسان بنانا ہے۔ تاہم پاکستانی حکام کے حوالے سے پیش کردہ اعدادوشمار کے مطابق خطے کی مجموعی تجارت میں باہمی علاقائی تجارت کا حصہ اب بھی 8 فیصد سے کم ہے۔
پاکستان کے لیے ای سی او کی اہمیت کیا ہے؟
پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع اسے وسطی ایشیا کے خشکی میں گھرے ممالک کے لیے تجارتی اور راہداری مرکز بننے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے، جو بحیرۂ عرب کے راستے عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور گوادر بندرگاہ ان ممالک کو بیرون ملک تجارت کے لیے متبادل راستے فراہم کر سکتی ہیں، جبکہ سڑکوں اور ریلوے کے بہتر روابط سے پورے خطے میں اشیا کی نقل و حرکت آسان بنائی جا سکتی ہے۔
اسی لیے پاکستان نے مضبوط تر ٹرانسپورٹ راہداریوں، کسٹمز کے آسان طریقہ کار، سرحد پار نقل و حرکت میں سہولت اور ایکوٹا پر مؤثر عمل درآمد پر زور دیا ہے۔
علاقائی روابط میں بہتری سے پاکستانی برآمد کنندگان، صنعت کاروں، ٹرانسپورٹ آپریٹرز اور سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں، جبکہ وسطی ایشیائی منڈیوں کے ساتھ اقتصادی تعلقات بھی مضبوط ہوں گے۔
صدارت کے دوران پاکستان کی ترجیحات کیا ہیں؟
پاکستان کا مقصد منڈیوں تک رسائی بڑھانا، علاقائی ویلیو چینز کو مضبوط بنانا، سرمایہ کاری راغب کرنا اور بالخصوص چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی نجی شعبے میں شرکت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
دیگر ترجیحات میں وسطی اور جنوبی ایشیا کے درمیان سڑکوں، ریلوے اور نقل و حمل کے مختلف ذرائع کے روابط بہتر بنانا، علاقائی تجارتی انتظامات کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور توانائی، آفات سے نمٹنے کی تیاری اور موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے والے بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون بڑھانا شامل ہے۔
اسلام آباد نے سیاحت کے فروغ اور خطے میں سفر کو آسان بنانے کے لیے فضائی روابط بڑھانے اور ویزا ضوابط میں نرمی کی بھی وکالت کی ہے۔ اپریل 2024ء میں ازبکستان میں سیاحت سے متعلق اجلاس کے دوران ای سی او کے رکن ممالک نے فضائی روابط اور ویزا سہولتوں سے متعلق پاکستان کی تجاویز متفقہ طور پر منظور کی تھیں۔
نومبر 2026ء کے اجلاس کے نتائج کیا رہے؟
اسلام آباد میں ای سی او کی وزراء کونسل کے 30ویں اجلاس میں اسلام آباد اعلامیے اور اقتصادی تعاون کے تزویراتی اہداف برائے 2026ء تا 2035ء کی منظوری دی گئی۔
ان دستاویزات میں آئندہ دہائی کے دوران علاقائی تعاون کے لیے رکن ممالک کو ایک مشترکہ لائحہ عمل فراہم کیا گیا ہے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کو ترجیح دی گئی ہے۔
ای سی او کو کن چیلنجز کا سامنا ہے؟
وسیع جغرافیائی دائرہ کار اور اقتصادی امکانات کے باوجود تنظیم کو کئی مستقل رکاوٹوں کا سامنا ہے، جن میں رکن ممالک کے درمیان محدود باہمی تجارت، محصولات اور غیر محصولاتی پابندیاں، کسٹمز کے طریقہ کار میں اختلافات، ناکافی ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر اور سیاسی کشیدگی شامل ہیں۔
ایکوٹا پر عمل درآمد اور سرحد پار نقل و حمل کے نیٹ ورکس کی ترقی کے لیے بھی رکن ممالک کی جانب سے مسلسل عزم اور سرمایہ کاری درکار ہے۔
پاکستان کے لیے ای سی او کی صدارت کی کامیابی کا انحصار بالآخر اس بات پر ہوگا کہ علاقائی معاہدوں اور وعدوں کو ایسے عملی اقدامات میں کس حد تک تبدیل کیا جاتا ہے جو تجارت میں اضافہ کریں، علاقائی روابط بہتر بنائیں اور ٹھوس اقتصادی فوائد فراہم کریں۔