مارکٹس

مالی سال 2026-27 میں جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد رہنے کی پیشگوئی

  • اسٹیٹ بینک نے ال نینو کے باعث زرعی پیداوار کو لاحق خطرات سے خبردار کردیا
شائع اپ ڈیٹ

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے کہا ہے کہ رواں مالی سال 2026-27 کے دوران پاکستان کی معیشت کی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد رہنے کی توقع ہے، جس کی بنیادی وجوہات میں ملکی طلب میں بتدریج بحالی اور زراعت و صنعت سمیت اجناس پیدا کرنے والے شعبوں کی بہتر کارکردگی شامل ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے پیر کو مالی سال 2025-26 کے دوران ملکی معیشت کی صورتحال سے متعلق اپنی سالانہ رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق پاکستان نے مالی سال 2026-27 کا آغاز نسبتاً مضبوط معاشی بنیادوں کے ساتھ کیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اہم معاشی اشاریوں میں مسلسل بہتری کے باعث پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگز میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملکی طلب میں بتدریج بحالی کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے، جبکہ حالیہ مالیاتی اقدامات سے معاشی سرگرمیوں کی رفتار کو مزید تقویت ملنے کا امکان ہے۔

اسٹیٹ بینک نے خبردار کیا ہے کہ ال نینو کی صورتحال بگڑنے سے زرعی شعبے کے امکانات کو خطرات لاحق ہیں، تاہم تازہ ترین معلومات کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں خریف کی اہم فصلوں، جن میں گنا، چاول اور مکئی شامل ہیں، کی پیداوار میں اضافے کے آثار ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اجناس پیدا کرنے والے شعبوں میں بہتری سے خدمات کے شعبے میں بھی توسیع متوقع ہے۔

اس تناظر میں اسٹیٹ بینک نے مالی سال 2026-27 کے دوران حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

اسٹیٹ بینک کی سالانہ رپورٹ کے مطابق معاشی سرگرمیوں میں توسیع، ٹیرف میں معقولیت اور عالمی منڈی میں اجناس کی قیمتوں میں اضافے کے باعث درآمدات بڑھنے کی توقع ہے، جبکہ حکومتی پالیسی مراعات اور عالمی طلب میں معمولی اضافے کی مدد سے برآمدات میں بھی بتدریج بحالی متوقع ہے۔

تاہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں مسلسل اضافے کے باعث مالی سال 2026-27 میں جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے صفر سے ایک فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ستمبر 2026 میں یورو بانڈز کے اجرا کے ذریعے 3 ارب ڈالر حاصل کرنے، اسٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ کی خریداری اور متوقع سرکاری مالیاتی آمدنی سے زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید اضافے میں مدد ملے گی، جس کے نتیجے میں ذخائر کو چار ماہ کی درآمدات کے مساوی سطح تک پہنچانے کی توقع ہے۔

اس کے علاوہ عالمی سطح پر توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے جھٹکے سے مہنگائی پر دباؤ بڑھنے کا امکان ہے مگر مالی سال 2026-27 کے دوران یہ دباؤ بتدریج کم ہوکر درمیانی مدت کے 5 سے 7 فیصد کے ہدف کی حدود میں آنے کی توقع ہے۔

مالی سال 2025-26 میں پاکستان کی معاشی کارکردگی

اسٹیٹ بینک کی سالانہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت نے غیر یقینی عالمی سیاسی و جغرافیائی حالات کے باوجود ملکی اور بین الاقوامی معاشی جھٹکوں کا مقابلہ کرتے ہوئے مالی سال 2025-26 میں اہم معاشی اشاریوں میں بہتری دکھائی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محتاط زری پالیسی، مالیاتی استحکام کے لیے جاری اقدامات اور آئی ایم ایف پروگرام کے تحت معاشی اصلاحات نے پاکستان کو حاصل شدہ معاشی استحکام برقرار رکھنے میں مدد فراہم کی۔

یہ کامیابی امریکا کی تجارتی ٹیرف پالیسیوں میں تبدیلیوں، مالی سال کے آغاز میں مون سون سیلاب اور فروری 2026 کے اواخر میں مشرق وسطیٰ میں تنازع شروع ہونے جیسے بڑے چیلنجز کے باوجود حاصل کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو میں اضافہ ہوا، جس میں بڑے پیمانے کی صنعتوں کی پیداوار میں بحالی نے اہم کردار ادا کیا۔ اس شعبے کے زراعت اور خدمات کے شعبوں کے ساتھ مضبوط روابط ہیں۔ معاشی سرگرمیوں میں بحالی کے نتیجے میں درآمدات کے حجم میں بھی اضافہ ہوا۔

تاہم عالمی معیشت کے ناموافق رجحانات کے باعث برآمدات محدود رہیں۔ اس کے باوجود بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں نمایاں اضافے نے مالی سال 2025-26 میں جاری کھاتے کا خسارہ جی ڈی پی کے 0.1 فیصد تک محدود رکھا۔

رپورٹ کے مطابق اسٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ کی نمایاں خریداری اور فارورڈ واجبات میں کمی نے مالی سال 2025-26 کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

مزید برآں سرکاری مالیاتی رقوم کی مسلسل آمد، یورو بانڈز اور پانڈا بانڈز کا کامیاب اجرا اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں مسلسل رقوم کی آمد نے بھی زرمبادلہ کے ذخائر کو سہارا دیا۔

اسٹیٹ بینک نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مالیاتی استحکام کے لیے مسلسل اقدامات اور سودی ادائیگیوں میں نمایاں کمی نے مالی سال 2025-26 کے دوران مالیاتی نتائج میں قابلِ ذکر بہتری پیدا کی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ محتاط زری اور مالیاتی پالیسیوں کے باعث مالی سال 2025-26 میں قومی سطح پر اوسط صارف قیمتوں کے اشاریے (سی پی آئی) کی بنیاد پر مہنگائی کو درمیانی مدت کے 5 سے 7 فیصد کے ہدف کی بالائی حد کے قریب رکھنے میں مدد ملی۔

تاہم مشرق وسطیٰ کے تنازع کے نتیجے میں توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اپریل 2026 سے سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح دوبارہ دوہرے ہندسوں میں پہنچ گئی۔

پائیدار معاشی ترقی کے لیے ساختی اصلاحات ناگزیر

اسٹیٹ بینک کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے معاشی حالات میں بہتری کے باوجود ملک کو پائیدار بنیادوں پر بلند شرح نمو کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے بنیادی نوعیت کی ساختی اصلاحات ضروری ہیں، تاکہ بڑھتی ہوئی آبادی اور افرادی قوت میں اضافے کو روزگار کے مواقع فراہم کیے جاسکیں۔

رپورٹ میں پائیدار معاشی ترقی کے حصول کے لیے بنیادی کمزوریوں کو دور کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔

اس ضمن میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے بنیادی ڈھانچے کی خامیوں کو دور کرنا، ٹیکنالوجی اور مہارتوں کی ترقی میں معاونت، ٹیکس نظام کو معقول بنانا اور ٹیکس انتظامیہ کو آسان بنانا ضروری قرار دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ مالیاتی اور ریگولیٹری فیصلوں کے لیے واضح قواعد و ضوابط پر مبنی نظام اپنانے کے ذریعے معاشی پالیسیوں سے متعلق غیر یقینی صورتحال کم کرنے اور طویل مدتی معاشی استحکام یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق موسمیاتی جھٹکوں اور شدید موسمی واقعات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر زرعی پیداوار پر ان کے اثرات کم کرنے کے لیے پیشگی تیاریوں اور حفاظتی اقدامات کو اپنانا ناگزیر ہے۔

اسٹیٹ بینک نے یہ تجویز بھی دی ہے کہ شمسی توانائی سے متعلق نئی حکمت عملیوں کو پاکستان کے زرعی شعبے میں شامل کیا جائے، تاکہ قابلِ تجدید توانائی کی پیداوار، غذائی تحفظ اور ماحولیاتی پائیداری کے درمیان توازن برقرار رکھا جاسکے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان پالیسی اقدامات سے سرکاری، نجی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے، جو طویل مدتی معاشی استحکام، روزگار کے مواقع میں اضافے اور عالمی سپلائی چین میں تعطل کے اثرات سے ملک کی کمزوری کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔