اداریہ

معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے کیا ضروری؟

  • ملک کے معدنی ذخائر کا تخمینہ 8 ٹریلین ڈالر لگایا گیا ہے، جن میں سے بیشتر ابھی تک غیر دریافت شدہ ہیں
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم جس میں 12 اور 13 نومبر کو اسلام آباد میں 60 سے زائد ممالک کے وفود نے شرکت کی، بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے سامنے ملک کی وسیع معدنی صلاحیت کو پیش کرنے کی ایک اور کوشش تھی۔

پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری راغب کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں ایسے فورمز اب ایک معمول کا حصہ بن چکے ہیں، جہاں تقاریر، پریزنٹیشنز اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کے ذریعے اکثر خاصی تشہیر حاصل کی جاتی ہے۔ تاہم، یہ بات اب بھی واضح نہیں کہ ان وعدوں اور معاہدوں میں سے کتنے عملی سرمایہ کاری میں تبدیل ہوتے ہیں۔

پاکستان میں کان کنی کی صلاحیت بلاشبہ غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ ملک کے معدنی ذخائر کا تخمینہ 8 ٹریلین ڈالر لگایا گیا ہے، جن میں سے بیشتر ابھی تک غیر دریافت شدہ یا تجارتی بنیادوں پر استعمال نہیں کیے جا سکے۔ ملک میں ٹیتھیان بیلٹ میں تانبے اور سونے کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جن میں نمایاں ریکوڈک منصوبہ بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ تھر کے وسیع کوئلے کے ذخائر اور لوہے کی خام دھات، کرومائٹ، قیمتی پتھروں اور دیگر صنعتی معدنیات کے ذخائر بھی موجود ہیں۔

معدنیات کی تلاش کے دوران لیتھیم اور نایاب معدنیات کی ممکنہ موجودگی کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جو الیکٹرک گاڑیوں، بیٹریوں کی تیاری اور قابل تجدید توانائی کے شعبوں کے لیے تیزی سے اہمیت اختیار کر رہے ہیں۔ اگر ان وسائل کو ذمہ داری کے ساتھ ترقی دی جائے تو یہ پاکستان کو اپنی برآمدات میں تنوع لانے، طویل المدتی بنیادوں پر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری راغب کرنے اور عالمی سپلائی چینز میں ابھرتے ہوئے شعبوں میں اپنی جگہ بنانے کا موقع فراہم کر سکتے ہیں۔

لیکن صرف ارضیاتی امکانات کی موجودگی سے کان کنی کی صنعت قائم نہیں ہو جاتی، چہ جائیکہ وہ ایک مسابقتی صنعت بن سکے۔ اس کے لیے معدنیات کی تلاش، نکالنے، پراسیسنگ، بنیادی ڈھانچے اور تکنیکی مہارت میں سرمایہ کاری ضروری ہے۔ کان کنی ایک ایسا شعبہ ہے جس میں بڑے سرمائے کی ضرورت ہوتی ہے، ابتدائی اخراجات بہت زیادہ ہوتے ہیں، سرمایہ کاری کی مدت طویل ہوتی ہے اور خصوصی ٹیکنالوجی کے ساتھ ہنرمند افرادی قوت بھی درکار ہوتی ہے۔ سرمایہ کاروں کو اس بات کا یقین ہونا چاہیے کہ وہ محفوظ ماحول میں کام کر سکیں گے، انہیں قابل پیش گوئی طریقہ کار کے تحت اجازت نامے ملیں گے، مشینری اور پیداوار کی نقل و حمل میں رکاوٹیں نہیں ہوں گی، انہیں سستی بجلی دستیاب ہوگی اور معاہدوں پر مؤثر انداز میں عمل درآمد کرایا جائے گا۔

پاکستان ان تقریباً تمام شعبوں میں مشکلات کا شکار ہے، جس کے باعث سرمایہ کاروں کو یہ باور کرانا مشکل ہو جاتا ہے کہ یہاں دستیاب مواقع ممکنہ خطرات سے زیادہ فائدہ مند ہیں۔ یہ صورت حال بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں زیادہ نمایاں ہے، جہاں معدنیات کے بیشتر امید افزا ذخائر مسلسل بدامنی اور عسکریت پسندوں کے تشدد کے ماحول میں واقع ہیں۔

کانفرنس کے اسٹیج سے دی جانے والی یقین دہانیاں زمینی سطح پر امن اور استحکام کا متبادل نہیں ہو سکتیں۔ اسی طرح کان کنی کے شعبے کی ترقی بھی اس وقت تک کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک مقامی آبادی کو اس کے فوائد میں حصہ دار نہ بنایا جائے اور انہیں اس عمل میں بامعنی شراکت نہ دی جائے۔

اسی طرح مجموعی سرمایہ کاری کا ماحول بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان کے اخراجاتی ڈھانچے خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں کم مسابقتی ہیں، جبکہ مہنگی توانائی ایک ایسے شعبے کے لیے خاص طور پر سنگین رکاوٹ ہے جس میں توانائی کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے۔

بہت سے ممکنہ کان کنی کے علاقوں میں سڑکیں، ریلوے رابطے، پانی کی فراہمی اور کان کنی کے لیے مخصوص بنیادی ڈھانچہ ناکافی ہے۔ اس کے علاوہ ارضیاتی نقشہ سازی، قابل اعتماد اعداد و شمار کی فراہمی، تکنیکی اداروں کے قیام اور افرادی قوت کی تربیت و ترقی کے حوالے سے بھی بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان اپنے ماضی کے قائم کردہ نمونوں اور تجربات کو بھی نظر انداز نہیں کر سکتا۔ ریکوڈک تنازع، جس میں منصوبے کی بحالی سے قبل کئی سال تک قانونی چارہ جوئی اور ثالثی کا عمل جاری رہا، آج بھی ایک سبق آموز مثال ہے۔

دیگر شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے تجربات، جن میں کے الیکٹرک بھی شامل ہے، اس تاثر کو تشکیل دیتے ہیں کہ ریاست نجی سرمایہ کاری کے ساتھ کس طرح کا رویہ اختیار کرتی ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ سرمایہ کار یہ بھی دیکھتے ہیں کہ مقامی کاروباری اداروں کے ساتھ کیا سلوک کیا جاتا ہے۔ اس حوالے سے پیچیدہ ضابطہ جاتی نظام، اچانک پالیسی تبدیلیاں، عدلیہ کی آزادی کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات، معاہدوں پر عمل درآمد میں طویل تاخیر اور اکثر سرکاری حکام کی جانب سے سرمایہ کاروں کے ساتھ احترام کا مظاہرہ نہ کرنا بھی ان کے فیصلوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔

اس کے بعد وسیع تر معاشی اشاریے بھی ہیں، جو کسی طور حوصلہ افزا نہیں ہیں۔ مالی سال 2025 میں ترسیلات زر تقریباً 38.3 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو اشیا کی برآمدات کے تقریباً 32.3 ارب ڈالر کے حجم سے زیادہ تھیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلات زر ایک اہم قومی سرمایہ ہیں، لیکن ان کا اشیا کی برآمدات سے موازنہ ملک کی پیداواری بنیاد کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔

دریں اثنا، 2025 میں 7 لاکھ 62 ہزار سے زائد پاکستانیوں نے بیرون ملک ملازمت کے لیے رجسٹریشن کرائی۔ جو ملک اپنے اتنے زیادہ شہریوں کو بہتر مواقع کی تلاش میں بیرون ملک جاتے دیکھ رہا ہو، وہ یہ توقع نہیں کر سکتا کہ سرمایہ کار ان تشویش ناک اشاروں کو نظر انداز کر دیں گے۔

پالیسی سازوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ سرمایہ کاری فورمز اگرچہ نئے مواقع کے دروازے کھول سکتے ہیں، لیکن اصلاحات کا مشکل کام انجام نہیں دے سکتے۔ پاکستان کو سکیورٹی، سیاسی استحکام، ضابطہ جاتی وضاحت، سستی توانائی، بنیادی ڈھانچے، تنازعات کے قابل اعتماد حل اور ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ کان کنی کا عمل ماحولیاتی ذمہ داریوں کے مطابق ہو اور اس سے ان علاقوں کی مقامی آبادی کو بھی فائدہ پہنچے جہاں یہ منصوبے قائم کیے جائیں۔

جب تک ان بنیادی معاملات میں تبدیلی نہیں آتی، پاکستان کو یہ خطرہ لاحق رہے گا کہ وہ اپنے معدنی خزانوں کی تشہیر تو کرتا رہے گا، لیکن سرمایہ، مہارت اور مواقع کہیں اور منتقل ہوتے رہیں گے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026