پاکستان

تاریخ میں پہلی بار پاکستان ریلوے کی آمدن 100 ارب روپے سے تجاوز کرگئی، وفاقی وزیر

  • وزیراعظم کے وژن کے تحت پاکستان ریلوے رواں مالی سال کے دوران 160 ارب روپے آمدن کا ہدف حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے، حنیف عباسی
شائع اپ ڈیٹ

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ 100 ارب روپے سے زائد آمدن حاصل کرکے ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری سے وزارت ریلوے میں ملاقات کے دوران کیا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، قومی معاملات اور پارلیمانی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران طارق فضل چوہدری نے پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحاتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ادارے میں ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے، جدید ٹیکنالوجی اپنانے اور آپریشنل نظام کو بہتر بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ریلوے کی آمدن میں اضافے، مالی نقصانات میں کمی اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات حوصلہ افزا اور قابلِ تعریف ہیں۔

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اپنے ہم منصب کو محکمے کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ریلوے نے اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ 100 ارب روپے آمدن کا ہندسہ عبور کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے تحت پاکستان ریلوے رواں مالی سال کے دوران 160 ارب روپے آمدن کا ہدف حاصل کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

وفاقی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ریلوے کو مالی طور پر مستحکم، جدید اور منافع بخش ادارے میں تبدیل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔