رائے

موسمیاتی مالیات کے حصول کے لیے سفارت کاری

  • "موسمیاتی مالیات کی کامیابی کا پیمانہ عالمی فورمز پر کیے گئے اربوں ڈالر کے وعدے نہیں بلکہ موسمیاتی آفات سے دوچار آبادیوں تک پہنچنے والی حقیقی مالی معاونت اور اس کے نتیجے میں سامنے آنے والے ٹھوس اقدامات ہیں۔"
شائع اپ ڈیٹ

موسمیاتی تبدیلی اب بین الاقوامی سفارت کاری کا مستقل موضوع بن چکی ہے، جس کے نتیجے میں موسمیاتی مالیات کے حصول کے لیے سفارتی کوششیں بھی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

حکومتیں، کثیرالجہتی ادارے اور ترقیاتی تنظیمیں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے باقاعدگی سے اربوں ڈالر کے وعدوں، مالیاتی عزم اور معاونتی پیکجز کا اعلان کرتی ہیں۔ تاہم، بالخصوص ترقی پذیر معیشتوں میں موسمیاتی آفات کی شدت بڑھنے کے ساتھ دنیا کو ایک بنیادی سوال کا سامنا ہے کہ وعدہ کی گئی اس رقم میں سے حقیقتاً کتنی رقم متاثرہ علاقوں تک پہنچتی ہے، اسے کس حد تک مؤثر انداز میں استعمال کیا جاتا ہے اور اس سے زمینی سطح پر کیا ٹھوس تبدیلی آتی ہے؟

عالمی سطح پر موسمیاتی اقدامات کی ساکھ کا تعین اب بین الاقوامی فورمز اور عطیہ دہندگان کی جانب سے کیے گئے مالی وعدوں سے نہیں بلکہ موسمیاتی خطرات سے دوچار آبادیوں تک پہنچنے والے حقیقی نتائج سے ہونا چاہیے۔

موسمیاتی تبدیلی اب محض ماحولیاتی مسئلہ نہیں رہی بلکہ اقتصادی، ترقیاتی اور قومی سلامتی کا چیلنج بن چکی ہے۔ بڑھتا ہوا درجہ حرارت، بارشوں کے غیر متوقع سلسلے، طویل خشک سالی، تباہ کن سیلاب اور آبی وسائل کی بگڑتی صورت حال غذائی تحفظ، بنیادی ڈھانچے، روزگار اور معاشی استحکام کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔ ترقی پذیر ممالک کے لیے اس کے نتائج کہیں زیادہ سنگین ہیں، کیونکہ وہ پہلے ہی مالیاتی دباؤ، قرضوں کی ادائیگی اور ترقیاتی ترجیحات کے درمیان محدود وسائل کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔

اس تناظر میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے رواں ہفتے پاکستان کو آفات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی مالی معاونت کی مد میں پیش کیے گئے 50 کروڑ ڈالر کے علاوہ ایک اور معاملہ بھی زیر بحث ہے۔ عالمی بینک نے گرڈ استحکام میں بہتری کے منصوبے کے لیے 37 کروڑ 59 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت کو موسمیاتی مالیات قرار دیا ہے۔ اسی ہفتے ترکیے میں منعقدہ موسمیاتی مالیات کانفرنس میں بھی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے عالمی سطح پر مزید مالی وعدوں کا اعلان کیا گیا۔

پاکستان عالمی سطح پر موسمیاتی ناانصافی کی ایک نمایاں مثال بن چکا ہے۔ ملک میں آنے والے تباہ کن سیلابوں نے عالمی ہمدردی حاصل کی، موسمیاتی خطرات نے یکجہتی کے اعلانات کو جنم دیا اور بحالی و تعمیر نو کی ضروریات کے نتیجے میں اربوں ڈالر کی مالی معاونت کے وعدے کیے گئے۔ تاہم، بنیادی سوال اب بھی جواب طلب ہے کہ مسلسل مالی معاونت کہاں ہے اور اس سے موسمیاتی خطرات کے خلاف تحفظ فراہم کرنے میں کیا قابل پیمائش پیش رفت ہوئی ہے؟

پاکستان کا تجربہ دونوں جانب ایک ناخوشگوار ناکامی کو ظاہر کرتا ہے؛ ایک طرف بین الاقوامی وعدے توقعات پر پورا نہیں اترتے اور دوسری جانب ملکی اداروں کو دستیاب وسائل کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

2022ء کے تباہ کن سیلابوں نے پاکستان کو درپیش موسمیاتی خطرات کی سنگینی واضح کردی تھی۔ ان سیلابوں سے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے، جبکہ معاشی نقصانات اور بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ 30 ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا تھا۔ بحالی اور تعمیر نو کے لیے 16 ارب 30 کروڑ ڈالر درکار قرار دیے گئے تھے۔ چار سال گزرنے کے باوجود ملک کو بار بار آنے والے سیلابوں، شدید گرمی، پانی کی قلت اور بڑھتے ہوئے معاشی خلل کا سامنا ہے۔

پاکستان عالمی گرین ہاؤس گیسوں کے مجموعی اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم حصہ ڈالتا ہے، اس کے باوجود موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا غیر متناسب طور پر زیادہ بوجھ برداشت کر رہا ہے۔ یہ عدم توازن پاکستان کے لیے بین الاقوامی موسمیاتی معاونت کا ایک جائز اور مضبوط جواز فراہم کرتا ہے۔ تاہم، اخلاقی بنیاد پر یہ حق بجانب ہونا اب تک ایسی مالی معاونت میں تبدیل نہیں ہوسکا جو ملک کی حقیقی ضروریات سے مطابقت رکھتی ہو۔

جنوری 2023ء میں جنیوا میں منعقدہ بین الاقوامی عطیہ دہندگان کانفرنس اس مسئلے کی واضح مثال تھی۔ پاکستان کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے تقریباً 11 ارب ڈالر فراہم کرنے کے وعدے کیے گئے تھے۔ اس اعلان کو سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے سراہا گیا، تاہم اس مالیاتی پیکج کی ساخت کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ اس میں سے تقریباً 4 ارب 60 کروڑ ڈالر تعمیر نو کے لیے مخصوص مالی معاونت کے بجائے تیل اور دیگر اجناس کی مالی فراہمی پر مشتمل تھے۔ باقی بڑی رقم بھی قرضوں اور منصوبوں کے لیے مالی معاونت کی صورت میں تھی، جس کی فراہمی کئی برسوں پر محیط تھی۔

پاکستان کی قومی اسمبلی میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق، دسمبر 2024ء تک منصوبوں اور پروگراموں کے لیے کیے گئے تقریباً 6 ارب 38 کروڑ ڈالر کے وعدوں میں سے صرف 2 ارب 25 کروڑ ڈالر فراہم کیے گئے تھے۔

تاہم، محض رقم کی فراہمی سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ اسے کس حد تک مؤثر انداز میں خرچ کیا گیا یا مطلوبہ مستحقین کو اس سے حقیقی تحفظ حاصل ہوا۔

یہ فرق سمجھنا ضروری ہے۔ مالی معاونت کا وعدہ رقم کی حقیقی فراہمی نہیں ہوتا، قرض گرانٹ نہیں ہوتا اور فراہم کی گئی رقم لازماً مؤثر انداز میں استعمال بھی نہیں ہوتی۔

دریں اثنا، پاکستان کی مالیاتی ضروریات میں غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے۔ ملک کے تازہ ترین قومی موسمیاتی وعدوں کے مطابق 2035ء تک 565 ارب 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہوگی۔ اس میں سیلاب سے نمٹنے کی تیاری، آبی تحفظ، بنیادی ڈھانچے کو موسمیاتی اثرات کے مقابلے میں مضبوط بنانا اور صاف توانائی کی جانب منتقلی شامل ہیں۔

پاکستان کے موجودہ مالیاتی حالات میں ان بلند عزائم کو عملی جامہ پہنانا آسان نہیں۔ قرضوں کی ادائیگی، ترقیاتی بجٹ کی محدود گنجائش، محصولات جمع کرنے کی کمزور صلاحیت اور ایک دوسرے سے مسابقت کرتی معاشی ترجیحات کے باعث موسمیاتی سرمایہ کاری کے لیے مسلسل وسائل مختص کرنے کی گنجائش محدود ہے۔

بین الاقوامی موسمیاتی مالیات میں ایک گہرا تضاد بھی موجود ہے۔ جن ممالک کو ایسی گیسوں کے اخراج کے نتائج بھگتنا پڑتے ہیں جو بڑی حد تک دوسرے ممالک میں پیدا ہوتی ہیں، انہیں اکثر اپنی بقا اور تحفظ کے لیے قرضے فراہم کیے جاتے ہیں۔ یوں موسمیاتی خطرات کا شکار ہونا بھی قرضوں کے ایک نئے بوجھ کا سبب بن جاتا ہے۔ پہلے ہی قرضوں کے بھاری دباؤ کا سامنا کرنے والے پاکستان کے لیے مالی معاونت کے اس رائج طریقہ کار کی منصفانہ حیثیت اور پائیداری پر سوال اٹھانا بالکل جائز ہے۔

تاہم، پاکستان اپنی مشکلات کا تمام تر ذمہ دار بین الاقوامی خامیوں کو قرار نہیں دے سکتا۔ ملک میں موسمیاتی امور کا انتظام اب بھی وفاقی وزارتوں، صوبائی محکموں، آفات سے نمٹنے کے اداروں اور عمل درآمد کرنے والی ایجنسیوں کے درمیان منقسم ہے۔ ذمہ داریوں کا ایک دوسرے سے متصادم ہونا، رابطہ کاری میں عدم تسلسل اور قابل اعتماد، سرمایہ کاری کے لیے تیار منصوبے تشکیل دینے کی ناکافی تکنیکی صلاحیت بھی بڑے مسائل ہیں۔

پاکستان موسمیاتی پالیسیوں، ماحولیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے کی حکمت عملیوں اور مالیاتی فریم ورکس کی تیاری کرچکا ہے۔ تاہم، ان دستاویزات کو بروقت اور آزادانہ طور پر قابل تصدیق نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے درکار ادارہ جاتی نظام اب بھی اطمینان بخش نہیں۔

مالی معاونت کے وعدے سے لے کر رقم کی فراہمی، اخراجات اور قابل پیمائش نتائج تک مکمل تفصیلات کا سراغ لگانے کے لیے جامع اور عوامی رسائی کے حامل نظام کی عدم موجودگی بھی ساکھ کے مسئلے کو مزید سنگین بناتی ہے۔ ایسی شفافیت کے بغیر نہ تو ٹیکس دہندگان اور نہ ہی بین الاقوامی شراکت دار یہ مناسب طور پر جانچ سکتے ہیں کہ موسمیاتی سرمایہ کاری سے مطلوبہ فوائد حاصل ہو رہے ہیں یا نہیں۔

موسمیاتی اثرات میں کمی اور ان سے مطابقت پیدا کرنے کے اقدامات کے درمیان مالی معاونت کا عدم توازن بھی اتنا ہی تشویش ناک ہے۔ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے لیے مالی معاونت حاصل کرنا نسبتاً آسان ہوتا ہے، کیونکہ ان سے تجارتی منافع کی توقع کی جاسکتی ہے۔ اس کے برعکس سیلاب سے تحفظ، نکاسی آب کے نظام، موسمیاتی خطرات برداشت کرنے کے قابل زراعت، پانی کا تحفظ اور مقامی آبادیوں کی سطح پر آفات سے نمٹنے کی تیاری جیسے منصوبوں کو اتنی ہی توجہ اور مالی معاونت حاصل کرنے میں مشکلات پیش آتی ہیں، حالانکہ انسانی بقا کے لیے ان کی اہمیت فوری اور بنیادی نوعیت کی ہے۔

لہٰذا، پاکستان کو موسمیاتی سفارت کاری میں محض اپنی کمزوریوں اور خطرات کو اجاگر کرنے کے بجائے عملی نتائج پر مبنی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔ اس مقصد کے لیے پیشہ ورانہ بنیادوں پر تیار کردہ منصوبوں، اداروں کی واضح طور پر متعین ذمہ داریوں، شفاف خریداری کے عمل، کارکردگی کے آزادانہ آڈٹ اور موسمیاتی خطرات کے خلاف لچک جانچنے کے قابل پیمانوں کی ضرورت ہے۔

بین الاقوامی شراکت داروں کو بھی اپنے طریقہ کار پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ موسمیاتی معاونت میں گرانٹس، حقیقی معنوں میں رعایتی شرائط پر مالی معاونت، رقوم کی فراہمی کے قابل اعتماد نظام الاوقات اور معاونت تک رسائی کے آسان طریقہ کار کو ترجیح دی جانی چاہیے۔

مالی معاونت کے اعلانات میں یہ واضح ہونا چاہیے کہ کتنی رقم نئی معاونت پر مشتمل ہے، کتنی پہلے سے کیے گئے وعدوں کو نئے انداز میں پیش کرنے کا نتیجہ ہے اور کتنی رقم سے ملک کے مجموعی قرضوں میں اضافہ ہوگا۔

سب سے اہم بات یہ ہے کہ کامیابی کا پیمانہ ان علاقوں میں ہونے والی پیش رفت کو بنایا جائے جہاں موسمیاتی آفات تباہی مچاتی ہیں۔ کتنے مکانات دوبارہ اس انداز میں تعمیر کیے گئے ہیں کہ وہ سیلاب کا مقابلہ کرسکیں؟ کتنی خطرات سے دوچار آبادیوں کو قابل اعتماد پیشگی اطلاع دینے والے نظام تک رسائی حاصل ہے؟ کتنی زرعی اراضی کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے؟ کتنے افراد کے روزگار اور ذرائع معاش کو موسمیاتی خطرات کے مقابلے میں زیادہ محفوظ بنایا گیا ہے؟

موسمیاتی مالیات کی ساکھ کا تعین ان سوالات کی بنیاد پر ہونا چاہیے، نہ کہ جنیوا، باکو، ترکیے یا عالمی عطیہ دہندگان کے اداروں کی جانب سے کیے جانے والے بڑے بڑے اعلانات کی بنیاد پر۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026ء