میانمار کے ساتھ بعض رکن ممالک کے قریبی تعلقات کے باعث آسیان کو مشکل صورتحال کا سامنا
- ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے اکتوبر میں میانمار کی آسیان میں دوبارہ شمولیت کے لیے کوششیں کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا
تھائی لینڈ اور آسیان کے بعض دیگر رکن ممالک کی جانب سے میانمار کے ساتھ سفارتی روابط بڑھانے کے بعد تنظیم پر فوجی حمایت یافتہ قیادت کی اعلیٰ سطح کے اجلاسوں میں شرکت پر عائد پانچ سالہ پابندی نرم کرنے کے لیے دباؤ بڑھ رہا ہے، حالانکہ ملک میں خانہ جنگی جاری ہے۔
میانمار 2021ء سے بحران کا شکار ہے، جب فوجی سربراہ من آنگ ہلینگ نے بغاوت کے ذریعے منتخب حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔ اس کے بعد شروع ہونے والے مسلح تصادم میں ایک لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
آسیان نے پانچ نکاتی امن منصوبے پر عملدرآمد میں ناکامی کے باعث میانمار کی قیادت کو سربراہی اجلاسوں اور وزرائے خارجہ کے اجلاسوں میں شرکت سے روک رکھا ہے۔
تاہم لاؤس، تھائی لینڈ، ویتنام، کمبوڈیا اور ملائیشیا رواں سال من آنگ ہلینگ کا سرکاری استقبال کرچکے ہیں۔ ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے بھی میانمار کی تنظیم میں دوبارہ شمولیت کے لیے کوششیں کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
تھائی لینڈ نے اب میانمار کے وزیر خارجہ کو آسیان اجلاسوں میں شرکت کی اجازت دینے کی حمایت کردی ہے۔ دوسری جانب تجزیہ کاروں کے مطابق خانہ جنگی، لاکھوں افراد کی بے دخلی اور امن مذاکرات میں ناکامی نے پانچ نکاتی اتفاقِ رائے کو غیر مؤثر بنا دیا ہے۔